پنجاب کے بیشتر دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے

پنجاب کے بیشتر دریائوں اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب،جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہائو نارمل ہے

لاہور۔24اگست (اے پی پی):پنجاب کے بیشتر دریائوں اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب،جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہائو نارمل ہے۔ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔کالا باغ میں پانی کی آمد3 لاکھ95 ہزار اور اخراج 3 لاکھ87 ہزار کیوسک ہے۔دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،چشمہ میں3 لاکھ52 ہزار اور تونسہ میں پانی کا بہائو3 لاکھ86 ہزار کیوسک ہے۔ترجمان کے مطابق نالہ پلکھو میں وزیر آباد کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،نالہ پلکھو میں پانی کا ڈسچارج5 ہزار500 کیوسک ہے جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر اور نالہ اک میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم74 فیصد بھر چکا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دریائوں،نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کریں۔بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں دریائوں ،ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔