پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آبادکے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی ؐ کی م تقریبات

پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آبادکے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے خصوصی خطاطی نمائش، محفلِ سماع، قرأت و نعت مقابلہ سمیت مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔

فیصل آباد۔ 24 اگست (اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آبادکے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے خصوصی خطاطی نمائش، محفلِ سماع، قرأت و نعت مقابلہ سمیت مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔

ترجمان آرٹس کونسل رخشندہ ناز نے بتایا کہ اس سلسلے میں 25 اگست کو شام 6 بجے خصوصی محفلِ سماع منعقد کی جائے گی، جس میں معروف فنکار ساجد راشد علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ محفل میں خصوصی مہمان ڈپٹی کمشنر فیصل آباد جبکہ مہمانِ اعزاز ڈی جی ایف ڈی اے ہوں گے۔ اس محفل میں نعتیہ اور صوفیانہ کلام کے ذریعے عشقِ رسولؐ، محبت، امن اور انسانیت کا پیغام اجاگر کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ جشن میلاد النبی ؐکے پروگراموں میں قرأت و نعت مقابلہ بھی شامل ہے، جس میں شرکا تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ؐ پیش کریں گے۔ مقابلے کا مقصد نئی نسل میں قرآن پاک سے محبت، نعت خوانی کے شوق اور حضور اکرم ؐکی سیرت و تعلیمات سے وابستگی کو فروغ دینا ہے۔