اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وزِیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے نیشنل بُک فائونڈیشن کا دورہ کیا اور گوشۂ قائداعظم اور گوشۂ اقبال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا علامہ محمد اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات کو قومی سطح پر شایانِ شان …
وزِیر مملکت برائے وفاقی تعلیم کا نیشنل بک فائونڈیشن کا دورہ، گوشہ اقبال اور گوشہ قائداعظم کا افتتاح

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وزِیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے نیشنل بُک فائونڈیشن کا دورہ کیا اور گوشۂ قائداعظم اور گوشۂ اقبال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا علامہ محمد اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات کو قومی سطح پر شایانِ شان انداز میں منعقد کرنےا ور دونوں عظیم رہنمائوں کے افکار و نظریات کو نئی نسل تک موثر انداز میں پہنچانے کے وژن کا حصہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایسے علمی و فکری گوشوں کا قیام پاکستان کے قومی ورثے ، فکری روایات اور بانیانِ پاکستان کے پیغام کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر انہوں نے نیشنل بک میوزیم، انڈونیشین کارنر اور ادارے کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ نیشنل بک میوزیم میں محفوظ نادر و نایاب کتب ذخیرے، قدیم قرآنی نسخوں اور تخلیقی فن پاروں کا مشاہدہ کرتے ہوئے وزیرِ مملکت نے انہیں پاکستان کے علمی و تہذیبی ورثے کا اہم حصہ قرار دیا۔ انہوں نے قرآنِ پاک کے خصوصی گوشے، صوفیا کارنر اور عظیم شعرا و ادبا سے متعلق نمائش میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ ایسے علمی گوشے اور نادر ذخائر نوجوان نسل میں مطالعے، تحقیق اور جستجو کا ذوق بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے نیشنل بک فائونڈیشن کی جانب سے کتاب اور علمی ورثے کے فروغ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔بعد ازاں منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر نے وزیرِ مملکت کو نئے قومی نصاب کے حوالے سے بریفنگ دی جس کا اطلاق مارچ 2027 سے متوقع ہے۔ بریفنگ میں نصابی کتب کی تیاری و ترقی، ٹیکسٹ بک کے معیار میں بہتری، پاکستانی پبلشرز کے ساتھ اشتراک، معیاری کتب کی اشاعت اور طلبہ کے لئے موثر علمی و فکری مواد کی فراہمی کے حوالے سے حکمتِ عملی پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ نصابی کتب کی تیاری میں علمی معیار، تحقیق اور طلبہ کی فکری ضرورتوں کو بنیادی اہمیت دی جائے تاکہ نئی نسل میں مطالعے کا ذوق، تحقیق کا شعور اور اپنی علمی و تہذیبی روایت سے وابستگی فروغ پا سکے۔وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے نیشنل بک فائونڈیشن کی علمی، ادبی اور اشاعتی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے معیاری کتب کی اشاعت، ادبی سرگرمیوں کے فروغ اور قومی علمی ورثے کے تحفظ کے لئے جاری اقدامات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور ادارے کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر سیکرٹری نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر خان فرحان رفعت اور ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن مراد علی مہمند بھی موجود تھے۔








