سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے محمد یحییٰ کی خدمات کو سراہتے …
سپیکر قومی اسمبلی سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی الوداعی ملاقات
اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے محمد یحییٰ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کے فروغ میں ان کی خدمات قابلِ تعریف ہیں
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون باہمی اعتماد اور شراکت داری پر مبنی ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لئے اقوام متحدہ کی معاونت قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی مسائل اور بحرانوں سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کا کردار ہمیشہ قابلِ تعریف رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون مستقبل میں بھی مزید مستحکم ہوگا۔خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ویمن پارلیمنٹری کاکس اور جینڈر مین سٹریمِنگ کا مقصد خواتین کی شرکت کو فروغ دینا اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمد یحییٰ کے لئے ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔محمد یحییٰ نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نیک خواہشات اور تعریفی کلمات پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران انہیں حکومت اور عوام کی جانب سے عزت، احترام اور تعاون حاصل رہا، جسے وہ ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔









