قومی اسمبلی کے اراکین نے ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
قومی اسمبلی اجلاس، اراکین کا لوڈشیدنگ کے مسئلہ کوحل کرنے کیلئے جامع اقدامات کامطالبہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اراکین نے ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی لوڈشیدنگ کے مسئلہ کوحل کرنے کیلئے جامع اقدامات کامطالبہ کیاہے۔
منگل کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ( ن) کے رکن قومی اسمبلی سعد وسیم نے کہاکہ ان کے حلقہ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ زیادہ ہے جس سے عوام تکلیف میں ہے،واپڈاکی پالیسیوں سے لوگوں کے مسائل مزید بڑھ رہے ہیں ،کسی ایک گھرانہ کی چوری پرپورے گاؤں یاعلاقہ کی بجلی بندکرنے کاطریقہ کارتبدیل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ نقصانات کومنیج کرنے کیلئے واپڈا بجلی چورکے خلاف نہیں جاتی بلکہ پورے علاقہ کی بجلی بندکردی جاتی ہے۔واپڈاکی پالیسی پر ایوان میں بحث کرائی جائے اورلوگوں کوریلیف دیاجائے۔اس معاملہ پرچئیرکی رولنگ آنی چاہئے۔پی پی پی کے آغارفیع اللہ نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کامسئلہ ان کے حلقہ میں بھی ہے، اس مسئلہ کاجامع اورپائیدارحل تلاش کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے چینی برآمدکی گئی جس سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ،اب چینی کی درآمد کے حوالہ سے فیصلے ہورہے ہیں،اس معاملہ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے اورذمہ داران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔








