ضلع لیہ میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امدادکیلئے اقدامات جاری ہیں، وفاقی وزیرآبی وسائل کا قومی اسمبلی میں جواب

وفاقی وزیرآبی وسائل معین حیدروٹونے کہاہے کہ ضلع لیہ میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امدادکیلئے فوری اقدامات کاسلسلہ جاری ہے، لیہ سے 3لاکھ کیوسک پانی گزررہاہے جیسے ہی پانی کم ہوگا بحالی اورمعاوضہ جات کیلئے اقدامات شروع کئے جائیں گے۔

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرآبی وسائل معین حیدر وٹو نے کہاہے کہ ضلع لیہ میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امدادکیلئے فوری اقدامات کاسلسلہ جاری ہے، لیہ سے 3لاکھ کیوسک پانی گزررہاہے جیسے ہی پانی کم ہوگا بحالی اورمعاوضہ جات کیلئے اقدامات شروع کئے جائیں گے۔

منگل کوقومی اسمبلی میں ضلع لیہ میں دریائی کٹائو اوراس سے سیلاب کے خطرہ سے متعلق اویس حیدرجھکڑ اوردیگر کے توجہ مبذول نوٹس پر وفاقی وزیرآبی وسائل معین وٹونے ایوان کوبتایا کہ لیہ میں دریا کی وجہ سے کئی دیہات دریا برد ہورہے ہیں اورنقصانات ہورہے ہیں ،میری متعلقہ حکام سے بات ہوئی ہے،جو لوگ بے گھرہوگئے ہیں ان کیلئے رہائشی سہولیات فراہم کی جارہی ہے، جن لوگوں کونقصان ہواہے ان کو معاوضہ جات کی ادائیگی کی جائیگی، انتظامیہ چوکس ہے اورامدادوبحالی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت لیہ سے 3لاکھ کیوسک پانی گزررہاہے جیسے ہی پانی کم ہوگا بحالی اورمعاوضہ جات کیلئے اقدامات شروع کئے جائیں گے۔ اویس حیدرجھکڑ کے سوال پرانہوں نے کہاکہ گزشتہ سال بھی سیلاب سے جن لوگوں کونقصان پہنچا تھا انہیں معاوضہ جات فراہم کئے گئے تھے۔سیدشاہ احدعلی شاہ کے سوال پرانہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے بھی متاثرین کیلئے فنڈز فراہم کئے ہیں۔ڈپٹی سپیکرنے گرین فنڈز کے حوالہ سے معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔