وفاقی وزیر داخلہ کا ڈپلومیٹک انکلیو کا دورہ، جدید و جامع سکیورٹی پلان مرتب کرنے اور کام کے دوران درخت نہ کاٹنے کی ہدایت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں، چاردیواری کی تعمیر، چیک پوسٹوں کی ری ماڈلنگ، سائیکلنگ اور واکنگ ٹریکس کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں، چاردیواری کی تعمیر، چیک پوسٹوں کی ری ماڈلنگ، سائیکلنگ اور واکنگ ٹریکس کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے چاردیواری پر ہمہ وقت (24 گھنٹے) کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران کسی صورت ایک بھی درخت نہ کاٹا جائے۔ انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سڑکوں کو کشادہ کرنے، سائیکلنگ اور واکنگ ٹریکس کو جدید طرز پر تیار کرنے اور پارکس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بحال کرنے کے احکامات جاری کیے۔محسن نقوی نے ڈی آئی جی سکیورٹی کو ڈپلومیٹک انکلیو کا ازسرنو جدید اور جامع سکیورٹی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کو جدید، محفوظ اور خوبصورت سفارتی زون بنائیں گے اور یہاں کے رہائشیوں کو عالمی معیار کی سہولیات و فول پروف سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی وزیر داخلہ کو ڈپلومیٹک انکلیو میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور اب تک کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور سی ڈی اے و ضلعی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں