حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کیلئے اللہ تعالیٰ کی عظیم رحمت کا مظہر ہے،گورنربلوچستان

حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کیلئے اللہ تعالیٰ کی عظیم رحمت کا مظہر ہے،گورنربلوچستان

کوئٹہ۔ 26 اگست (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کیلئے اللہ تعالیٰ کی عظیم رحمت کا مظہر ہے،آپ کی حیاتِ طیبہ انسانیت کیلئے محبت، اخوت، عدل، برداشت اور امن کا ایسا روشن نمونہ ہے جس سے آج بھی پوری دنیا رہنمائی حاصل کر سکتی ہے۔

جشن عید میلادالنبی ﷺکے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا بابرکت دن ہمیں نبی کریم کی ولادتِ باسعادت کی خوشی منانے کے ساتھ ساتھ آپکی تعلیمات، اسوۂ حسنہ اور عظیم کردار کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کا پیغام دیتا ہے،رسول اکرم ﷺنے انسانیت کو توحید، عدل و انصاف، بھائی چارے، رحم و شفقت اور احترامِ انسانیت کا درس دیا جبکہ آپ کی سیرتِ مبارکہ آج بھی ایک مثالی معاشرے کی تشکیل کیلئے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل و مشکلات کا مقابلہ باہمی اتحاد، اتفاق، اخوت اور یکجہتی کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے، ہمیں چاہیے کہ سیرتِ طیبہ کی روشنی میں اپنے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے امت کے وسیع تر مفاد میں متحد ہوں اور دنیا کے سامنے اسلام کے حقیقی پیغامِ امن و محبت کو اجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی ﷺکا تقاضا ہے کہ ہم صرف عقیدت و محبت کا اظہار ہی نہ کریں بلکہ نبی کریم کی تعلیمات پر عملدرآمد کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں،بالخصوص یتیموں، غریبوں اور مستحق افراد کی مدد کریں، معاشرے کے کمزور طبقات کا سہارا بنیں اور اپنے کردار و عمل سے رحمت، شفقت اور انسان دوستی کو فروغ دیں۔ گورنر جعفرخان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جشن عید میلادالنبی ﷺکی برکت سے پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق، امن و خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے، عالمِ اسلام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر صدقِ دل سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین