تعلیمات نبوی ﷺ پر عمل ہی اتحاد، امن اور قومی ترقی کی بنیاد ہے،وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ
تعلیمات نبوی ﷺ پر عمل ہی اتحاد، امن اور قومی ترقی کی بنیاد ہے،وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ

مزید خبریں
فیصل آباد/چنیوٹ ۔ 26 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیﷺ ہمیں محبت، اخوت، برداشت، عدل اور انسانیت کی خدمت پر مبنی اسوہ حسنہ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کا حصہ بنانے کا پیغام دیتی ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں کاربند رہنے کی توفیق عطا فرمائے،ہمیں ملک و ملت کی بہتری کے لیے باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چنیوٹ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کا استقبال کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ پوری انسانیت کے لیے امن، محبت، بھائی چارے، عدل و انصاف اور حسن سلوک کا عملی نمونہ ہے، اس لیے عید میلاد النبی ﷺ محض ایک مذہبی موقع نہیں بلکہ اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسوہ رسول ﷺ کے مطابق ڈھالنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ مسلمانوں کو بحیثیت امت متحد رہنے اور باہمی تعاون و اخوت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک و ملت کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اسی وقت مؤثر انداز میں کیا جاسکتا ہے جب قوم اتحاد، یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھے۔ وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ہمیں اپنے ذاتی، سیاسی اور دیگر اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل جل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد ہی وہ قوت ہے جو پاکستان کو معاشی، سماجی اور امن و امان کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نکالنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مسلم امہ کے باہمی اتحاد پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات میں امت کے اتحاد، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے حقوق کا واضح درس موجود ہے جس پر عمل کرکے معاشرے میں محبت اور امن کی فضا قائم کی جاسکتی ہے۔ قیصر احمد شیخ نے ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کے جوان ملک کے امن و استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے گراں قدر قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی خدمات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے جوان مشکل اور چیلنجنگ حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں پوری جانفشانی سے انجام دے رہے ہیں تاکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے۔ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ملکی سلامتی کے لیے ان کی خدمات کو قدر و احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔
اس موقع پر چنیوٹ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کے استقبال کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ وفاقی وزیر نے جلوس کے شرکاء سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہار محبت و عقیدت کیا۔ شہر میں مختلف مقامات پر عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مذہبی جوش و خروش پایا گیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے چنیوٹ میں اپنے ڈیرے پر لنگر بھی تقسیم کیا اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے شہریوں کے مسائل اور مشکلات کو توجہ سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ عوامی نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کرکے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کے درمیان موجود رہیں، ان کے مسائل سنیں اور ان کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ عوام کو درپیش جائز مشکلات کے ازالے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا حقیقی پیغام بھی یہی ہے کہ معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کو فراموش نہ کیا جائے، ان کے ساتھ ہمدردی کی جائے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لنگر کی تقسیم اور لوگوں سے براہ راست ملاقات اسی جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم تعلیمات نبوی کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عملی طور پر نافذ کرنے کی کوشش کریں تو معاشرے سے نفرت، عدم برداشت اور انتشار کا خاتمہ کرکے امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو آج جن چیلنجز کا سامنا ہے، ان سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور اجتماعی کردار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے مشترکہ مقاصد پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن و استحکام عطا فرمائے، ملک کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھے، سکیورٹی فورسز کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں کامیابی دے اور پوری مسلم امہ کو اتحاد و اتفاق نصیب فرمائے۔






