خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان نے خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پشاور میں گرلز ہاسٹل کے نئے بلاک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا
خیبر پختونخوا خیبر کے وزیر صحت نے کالج آف ڈینٹسٹری میں گرلز ہاسٹل کے نئے بلاک کا سنگ بنیاد رکھ دیا

مزید خبریں
پشاور۔ 27 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان نے خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پشاور میں گرلز ہاسٹل کے نئے بلاک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔نئے گرلز ہاسٹل کی عمارت چھ منزلہ ہوگی جس میں 28 کمرے تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبہ خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے اپنے بجٹ سے تقریباً 13 کروڑ 36 لاکھ 60 ہزار روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کا مقصد طالبات کے لیے رہائشی سہولیات کو مزید بہتر بنانا اور انہیں محفوظ، پُرسکون اور تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔سنگ بنیاد حوالے منعدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ یہ منصوبہ محض ایک عمارت کی تعمیر نہیں بلکہ معیاری تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور طالبات کے روشن مستقبل کے عزم کی عملی عکاسی ہے۔ انہوں نے خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ تعلیمی معیار، تحقیق، جدید ڈیجیٹل ڈینٹسٹری اور عوامی خدمت کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہترین افرادی قوت کی تیاری کے لیے تعلیمی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا انتہائی ضروری ہے۔ طالبات کومحفوظ اور بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی ان کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت میں معاون ثابت ہوگی۔بعد ازاں صوبائی وزیر صحت نے خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے مختلف ڈینٹل شعبہ جات کا دورہ بھی کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی و دندان سازی کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈین خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پروفیسر ڈاکٹر سید ناصر شاہ نے صوبائی وزیر کو ادارے میں جاری طبی خدمات، دستیاب سہولیات، تعلیمی سرگرمیوں اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت نے کالج انتظامیہ کو مریضوں کی بہتر نگہداشت، تعلیمی و تربیتی معیار کو برقرار رکھنے اور طلبہ و طالبات کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول یقینی بنانے کی ہدایت کی۔خلیق الرحمان نے کہا کہ خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کی ترقی سے نہ صرف دندان سازی کی تعلیم کو مزید فروغ ملے گا بلکہ صوبے میں معیاری ڈینٹل ہیلتھ کیئر خدمات بھی مزید مستحکم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا صحت کے شعبے سے وابستہ تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔








