وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز نے ریسکیو سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں، جس کے تحت پنجاب کی 39 تحصیلوں میں 39 نئی فائر گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں
وزیراعلی نے ریسکیو سروسز جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں،عظمی بخاری

مزید خبریں
لاہور۔27اگست (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز نے ریسکیو سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں، جس کے تحت پنجاب کی 39 تحصیلوں میں 39 نئی فائر گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ 39 تحصیلوں میں فائر ریسکیو سروسز کی فراہمی کے منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب 88 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے، منصوبے کے تحت 273 فائر فائٹرز اور 156 ڈرائیورز سمیت مجموعی طور پر 429 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فائر ریسکیو اہلکاروں کے لیے 78 سانس لینے کے حفاظتی آلات، 273 حفاظتی لباس اور مواصلاتی آلات بھی فراہم کیے جائیں گے، اس منصوبے کا مقصد تحصیل کی سطح پر آتشزدگی کے واقعات میں بروقت امدادی کارروائی اور آگ بجھانے کی سہولت یقینی بنانا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کی تمام تحصیلوں تک فائر ریسکیو سروسز کی توسیع کی منظوری دی جاچکی ہے، جس کے لیے موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایک ارب 88 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ،یہ منصوبہ جون 2027 تک مکمل ہوگا۔عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب میں فائر اینڈ ریسکیو سروسز مکمل طور پر فعال اور تمام اضلاع میں فائر ریسکیو سروسز کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔
پنجاب ریسکیو نے اب تک 2 لاکھ 97 ہزار 338 سے زائد آتشزدگی کے واقعات میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے جدید اور پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کے ذریعے 794 ارب روپے سے زائد کے ممکنہ نقصانات سے بچا ئویقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو پنجاب دنیا کے نمبر ون ایمرجنسی اداروں میں شامل ہوچکا ہے، جبکہ وزیراعلی مریم نواز نے ریسکیو کے لیے پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم مختص کی ہے جو ریسکیو سروسز کی بہتری پر خرچ کی جارہی ہے۔وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ پنجاب کی تمام کمرشل مارکیٹوں میں 975 فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا منصوبہ بھی جاری ہے، جبکہ فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 2,449 بلند و بالا عمارتوں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں لائف سیور اور بنیادی فائر فائٹنگ کی تربیت کا انعقاد کیا گیا ہے، جبکہ ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائزز بھی کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں 5,000 سے زائد کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز قائم کی گئی ہیں، وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ہسپتالوں میں آتشزدگی سے بچائو کے لیے جامع لائحہ عمل بھی تیار کیا جاچکا اور اس پر عملدرآمد جاری ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کا مالی سال 2025-26 کا مجموعی بجٹ 21 ارب 62 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ نظرثانی شدہ بجٹ 22 ارب 51 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے۔








