دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ: دیامر کے مزید 193 نوجوانوں نے سات مختلف شعبوں میں فنی تربیت مکمل کرلی

دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ: دیامر کے مزید 193 نوجوانوں نے سات مختلف شعبوں میں فنی تربیت مکمل کرلی

گلگت۔ 28 اگست (اے پی پی):واپڈا، دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تعاون سے اور گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کی زیرِ نگرانی چلاس ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں مزید 193 نوجوانوں نے سات مختلف شعبوں میں تین ماہ پر مشتمل فنی و پیشہ ورانہ تربیت کامیابی سے مکمل کرلی۔ اس سلسلے میں واپڈا ہرپن داس ماڈل ویلیج میں تقریبِ تقسیمِ اسناد منعقد ہوئی، جس میں کامیاب امیدواروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر دیامر، چیف انجینئر (ڈائی ورشن ورکس) دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ، واپڈا، گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام جبکہ دیامر ڈیم علماء کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔تربیتی پروگرام کے تحت ایئر کنڈیشننگ ٹیکنیشن، یو پی ایس و سولر ٹیکنیشن، کارپینٹر اور آٹومیٹک سمیت سات مختلف شعبوں میں تھیوری اور عملی تربیت فراہم کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر دیامر نے تربیت یافتہ نوجوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ اپنی فنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر باعزت روزگار حاصل کریں اور اپنی توانائیاں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف کریں۔چیف انجینئر (ڈائی ورشن ورکس) دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے فنی تربیت کے پروگرام جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف اداروں کے تعاون سے اب تک تقریباً 600 نوجوانوں کو فنی تربیت کے مواقع فراہم کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پراجیکٹ ایریا کے نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے آراستہ کرکے باعزت روزگار اور خود روزگاری کے قابل بنانا ہے۔گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے ڈویژنل منیجر نے پروگرام کے تحت نوجوانوں کو عملی زندگی کے لیے تیار کرنے اور ان کی فنی استعداد بڑھانے کے اقدامات اور پروفغ پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر دیامر ڈیم علماء کمیٹی کے اراکین نے نوجوانوں کو فنی تربیت کے مواقع فراہم کرنے پر چیئرمین واپڈا، جنرل منیجرز لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ/ ہیومن ریسورس واپڈا اور جنرل منیجر / پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ واپڈا اور گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے درمیان ستمبر 2024 میں دیامر کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے۔ پروگرام کے تحت اب تک دو بیچز میں 12 مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر 326 نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔