سندھ حکومت کا تمام تعلیمی بورڈزمیں ریکروٹمنٹ رولز 2026نافذ کرنے، فارنزک آڈٹ اور فائر سیفٹی اقدامات کا فیصلہ
سندھ حکومت کا تمام تعلیمی بورڈزمیں ریکروٹمنٹ رولز 2026نافذ کرنے، فارنزک آڈٹ اور فائر سیفٹی اقدامات کا فیصلہ

مزید خبریں
کراچی۔ 28 اگست (اے پی پی):وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بورڈز کی مجموعی کارکردگی، انتظامی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، امتحانی نظام اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری جامعات و بورڈز غلام عباس بلوچ، چیئرمینز تعلیمی بورڈز فقیر محمد لاکھو، مشرف علی، خالد حسین مہر، زاہد علی چنڑ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سالانہ امتحانات 2026 کے بروقت اور شفاف انعقاد اور مقررہ مدت میں نتائج کے اعلان پر تمام چیئرمینز کو تحسینی اسناد دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی کابینہ کی جانب سے مئی 2026 میں منظور کیے گئے نئے ریکروٹمنٹ رولز 2026 تمام تعلیمی بورڈز میں نافذ کیے جائیں گے، جبکہ ان رولز کا باقاعدہ نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے لیے بھی الگ ریکروٹمنٹ رولز کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس میں بورڈز میں ای-مارکنگ، او ایم آر بیسڈ امتحانی نظام اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے آئی ٹی ماہرین کی فوری بھرتیوں کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں ڈائریکٹر آئی ٹی سمیت ویب سائٹ ڈویلپر، سینئرڈویلپر، سسٹم و نیٹ ورک سیکیورٹی ایڈمنسٹریٹرز اور دیگر ضروری تکنیکی ماہرین بھرتی کیے جائیں گے، تاکہ بورڈز کے ڈیجیٹل اور امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
انہوں نے تمام چیئرمینز کو ہدایت کی کہ بورڈز کے ملازمین کی سینیارٹی لسٹیں فوری طور پر تیار کرکے حتمی منظوری کے لیے محکمہ جامعات و بورڈز کو ارسال کی جائیں۔اجلاس میں تمام تعلیمی بورڈز کے فارنزک آڈٹ کے معاملے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور قانونی و ضابطہ کار کے مطابق اس عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔انہوں نے تمام چیئرمینز کو ہدایت کی کہ تعلیمی بورڈز میں فائر سیفٹی کے موثر اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈز کی عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی، ان کی فعالیت اور ایمرجنسی ایگزٹس کا بھی باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز نے ہدایت کی کہ اجلاس میں کیے گئے تمام فیصلوں پر مقررہ مدت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام تعلیمی بورڈز محکمہ جامعات و بورڈز کے ساتھ مکمل ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے اصلاحاتی اقدامات کو آگے بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈز میں انتظامی شفافیت، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، امتحانی نظام میں بہتری اور طلبہ کو بروقت نتائج کی فراہمی حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے۔








