پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 سالہ تکمیل پر کے آئی یو کی جانب سے چینی ماہرین کو خراج تحسین پیش

پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 سالہ تکمیل پر کے آئی یو کی جانب سے چینی ماہرین کو خراج تحسین پیش

گلگت۔ 28 اگست (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چائنا اسٹڈی سینٹر اور انٹرنیشنل آفس کے زیر اہتمام پاک چین باڈر پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان میں خدمات انجام دینے والے چینی انجینئرز، ماہرین، اسکالرز اور پیشہ ور افراد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

ان کے ہمراہ یونیورسٹی کے سینئر انتظامی و تدریسی افسران اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کے آئی یو نے پاک چین دوستی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گزشتہ 75 برسوں کے دوران ”آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کی بنیاد باہمی اعتماد، دوستی اور مشترکہ خوشحالی پر قائم ہے۔

واضح رہے کہ یہ تقریب پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے کے تعاون سے منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر منظور علی،ڈائریکٹر انٹرنیشنل آفس ڈاکٹر سجاد حیدرو دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، تعلیم، ثقافت اور ترقی کے شعبوں میں مضبوط اور دیرینہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق کی سربراہی میں شرکاء نے کے آئی یو، فارسٹ اینڈ وائلڈ لائف اور کے وی او کے اشتراک سے پاک چین باڈر پر صفائی مہم میں بھی حصہ لیا۔ اس مہم کا مقصد کنزرویشن ایریا میں قدرتی ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانا اور سیاحوں کو اس حساس علاقے میں صفائی کا خاص خیال رکھنے کی جانب راغب کرنا تھا۔