تعلیم اور علم کے زیور سے آراستہ ہوئے بغیر معاشرے اور ملک کو ترقی کی منازل طے کرانا ممکن نہیں ،ڈپٹی کمشنر نصیرآباد

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے ڈسٹرکٹ لائبریری کا دورہ کیا اور وہاں مطالعہ کے لیے آنے والے طلبہ سے ملاقات کرکے لائبریری میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں

کوئٹہ۔ 28 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے ڈسٹرکٹ لائبریری کا دورہ کیا اور وہاں مطالعہ کے لیے آنے والے طلبہ سے ملاقات کرکے لائبریری میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران لائبریری سے مستفید ہونے والے طلبہ نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کو لائبریری میں بجلی کی عدم دستیابی، پنکھوں کی کمی اور دیگر ضروری سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا تھ۔ا ڈپٹی کمشنر نے طلبہ کے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان کے بلا تاخیر حل کے احکامات جاری کیے تھے جس کے نتیجے میں لائبریری میں بجلی کی بحالی پنکھوں کی تنصیب اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ۔

کھلی کچہری کے دوران طلبہ نے ڈپٹی کمشنر سے لائبریری کا دورہ کرنے کی بھی درخواست کی تھی جس پر ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے آج لائبریری کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے طلبہ سے لائبریری میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور درپیش کسی بھی نئے مسئلے کے بارے میں دریافت کیا طلبہ نے لائبریری میں بنیادی سہولیات کی فوری بحالی اور ضروری سامان کی فراہمی پر ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے طلبہ کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے بروقت اقدامات کیے گئے جس سے انہیں مطالعہ کے لیے بہتر اور سازگار ماحول میسر آیا ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے کہا کہ تعلیم اور علم کے زیور سے آراستہ ہوئے بغیر معاشرے اور ملک کو ترقی کی منازل طے کرانا ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ لائبریریاں علم کا خزانہ ہیں جہاں طلبہ کو مختلف موضوعات کا مطالعہ کرنے اپنی معلومات میں اضافہ کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع میسر آتے ہیں

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لائبریری کی سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں مطالعہ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنی تعلیم پرخصوصی توجہ مرکوز کریں ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ہی ملک و قوم کا مستقبل ہے اس لیے انہیں معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ طلبہ کو درپیش جائز مسائل کے حل اور تعلیمی اداروں و لائبریریوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔