نیپال کے لیے چین کی جانب سے انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی پیکج پر عمل درآمد جاری ہے، چینی وزیر خا رجہ
نیپال کے لیے چین کی جانب سے انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی پیکج پر عمل درآمد جاری ہے، چینی وزیر خا رجہ
بیجنگ۔30اگست (اے پی پی):چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے نیپال کے وزیر خارجہ شیسر کھنال سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ نیپال کے سرحدی علاقوں میں اچانک گلیشیر ٹوٹنے سے شدید مڈ سلائیڈ کی آفت کے نتیجے میں دونوں ممالک میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا اور کئی افراد لاپتا ہوئے ۔ یہ حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کو درپیش سرحد پار سب سے سنگین آفت ہے اور امدادی کاموں میں پیچیدگی اور مشکلات کی جو صورتحال اس وقت درپیش ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ وانگ ای نے کہا کہ چین نے اس صورت حال کو انتہائی اہمیت دی ہے۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے اجلاس میں خاص طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ نیپال کے متاثرہ علاقوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور بین الاقوامی امدادی تعاون کیا جائے۔ یہ چین کی جانب سے ایک اہم سیاسی فیصلہ ہے جو نیپال کے لوگوں کے ساتھ دوستی کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔وانگ ای نے کہا کہ نیپال کے لیے چین کی جانب سے انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کے ایک پیکج پر عمل درآمد جاری ہے۔
چین نے نیپال کو متاثرہ علاقے کی تصاویر، سیٹلائٹ اور ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا سمیت اہم معلومات، بشمول اوپری علاقے میں بننے والے بند کی پیشگی وارننگ کی معلومات بھی شیئر کی ہیں ۔ چینی علاقے میں پھنسے نیپالی شہریوں کے لیے چین نے مناسب انتظامات کیے ہیں اور انہیں جلد از جلد نیپال واپس جانے میں مدد دی جائے گی۔








