چینی صدر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچ گئے

چینی صدر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچ گئے

بشکیک ۔30اگست (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ کرغزستان کے صدر صدیر جاپاروف کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم کے 2026 کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور کرغزستان کے سرکاری دورے کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک پہنچ گئے۔

سی جی ٹی این کے مطابق صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پنگ لی یوان جب بشکیک کےماناس انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچے تو کرغزستان کے صدر ،صدیر جاپاروف اور ان کی اہلیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر صدر شی جن پنگ نے تحریری پیغام جاری کیا اور چینی حکومت و عوام کی جانب سے صدر جاپاروف اور کرغزستان کے عوام کو پر خلوص سلام اور نیک تمنائیں پیش کیں۔

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور کرغزستان کی روایتی دوستی کا رشتہ بہت پرانا ہے، بلند و بالا تھیان شان پہاڑ دونوں ممالک کے عوام کی ہزار سالہ دوستی کی تاریخ کے گواہ ہیں ۔ سفارتی تعلقات کے قیام کے 34 برسوں میں، چین-کرغزستان تعلقات نے بین الاقوامی اتار چڑھاؤ کے امتحانات کا سامنا کیا۔یہ تعلقات ہمیشہ صحت مند اور مستحکم انداز میں آگے بڑھے اور نئے دور کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے بلند معیار تک پہنچے ۔

حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے تعاون نے تیز رفتار ترقی کا "سنہرا دور” دیکھا ہے، دوطرفہ تجارتی حجم اور دونوں ملکوں کے درمیان عوامی تبادلہ نئی بلندیوں تک پہنچا ہے، چین-کرغزستان-ازبکستان ریلوے جیسے بڑے منصوبے کامیابی سے جاری ہیں اور حقیقت پسندانہ باہمی فائدے کے تعاون کے نتائج دونوں ملکوں کے عوام تک پہنچ رہے ہیں۔