تصور سے قومی گرڈ تک، ساہیوال پاور پلانٹ سی پیک کے توانائی وژن کا اہم سنگِ میل

ساہیوال کول پاور پلانٹ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اہم منصوبوں میں شامل ہے، جس نے ملک کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا۔

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):ساہیوال کول پاور پلانٹ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اہم منصوبوں میں شامل ہے، جس نے ملک کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا۔

قادرآباد، ضلع ساہیوال میں قائم اس منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 1320 میگاواٹ ہے، جو دو 660 میگاواٹ یونٹس پر مشتمل ہے۔ سی پیک ریکارڈ کے مطابق منصوبے کی لاگت تقریباً 1.912 ارب ڈالر ہے۔ ساہیوال پاور پلانٹ ایسے وقت میں مکمل ہوا جب پاکستان کو بجلی کی شدید قلت کا سامنا تھا اور توانائی کی کمی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی تھی۔ منصوبے کا مقصد قومی گرڈ کو بڑے پیمانے پر مسلسل بجلی فراہم کرنا اور ملک کی بنیادی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں معاونت کرنا تھا۔ یہ منصوبہ پاکستان میں سپر کریٹیکل کوئلہ فائرڈ ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہم مثال بھی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پلانٹ کی کارکردگی بہتر بنانے اور اخراج کو نسبتاً کم رکھنے کے لیے مختلف ماحولیاتی نظام نصب کیے گئے ہیں۔

ساہیوال پاور پلانٹ کی اہمیت صرف 1320 میگاواٹ بجلی کی پیداوار تک محدود نہیں بلکہ اس منصوبے نے بڑے پیمانے کے توانائی منصوبوں کی منصوبہ بندی، تعمیر، آپریشن، تکنیکی تربیت اور پاک چین انجینئرنگ تعاون کے حوالے سے بھی اہم تجربات فراہم کیے ہیں۔پاور پلانٹ جیسے بڑے منصوبے کو مسلسل اور محفوظ انداز میں چلانے کے لیے انجینئرنگ، آپریشنز، مینٹیننس، فنانس، ایڈمنسٹریشن، ماحولیاتی تحفظ اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں کے درمیان مضبوط رابطہ اور ٹیم ورک ضروری ہے۔ یہی ادارہ جاتی نظم و ضبط قومی گرڈ کو قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ساہیوال منصوبہ مقامی افرادی قوت کی فنی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کا بھی ذریعہ بنا۔

پاکستانی انجینئرز اور تکنیکی ماہرین نے چینی ماہرین کے ساتھ کام کرتے ہوئے جدید پاور جنریشن ٹیکنالوجی کے آپریشن اور دیکھ بھال میں عملی تجربہ حاصل کیاجس سے ملک میں توانائی کے شعبے کی تکنیکی استعداد کو تقویت ملی۔ماہرین کے مطابق پاکستان کے توانائی کے مستقبل میں قابلِ اعتماد بنیادی بجلی کے ساتھ ساتھ شمسی، ہوا اور پن بجلی جیسے قابلِ تجدید ذرائع کا فروغ بھی ضروری ہے۔ اس تناظر میں ساہیوال پاور پلانٹ پاکستان کے توانائی کے سفر میں ایک اہم مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے، جبکہ مستقبل کا چیلنج ایک ایسے متوازن توانائی مکس کی تشکیل ہے جو قابلِ اعتماد، موثر، معاشی اور ماحولیاتی طور پر پائیدار ہو۔یوں ساہیوال کول پاور پلانٹ کو صرف ایک بجلی گھر کی بجائے سی پیک کے توانائی وژن، بڑے پیمانے کے بنیادی ڈھانچے، پاک چین تکنیکی تعاون اور پاکستان کی صنعتی ترقی کے ایک اہم باب کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں