چین پاکستان تعاون کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کا ایک سال مکمل، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت وزیراعظم پاکستان کے اگست 2025 کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے 2025 سے 2029 کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کے ایک سال کی تکمیل پر تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان چین کے تعاون سے مختلف شعبوں میں استعداد بڑھانے اور جدید …

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت وزیراعظم پاکستان کے اگست 2025 کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے 2025 سے 2029 کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کے ایک سال کی تکمیل پر تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان چین کے تعاون سے مختلف شعبوں میں استعداد بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مل کر پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے جبکہ نوجوان نسل کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، اس لئے نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر کی تربیت یقینی بنائی جائے گی، چین کے تعاون سے تعلیم، آئی ٹی، زراعت، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں انسانی وسائل کی استعداد بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایک ہزار پاکستانی طلبہ کو زرعی تربیت کے لئے چین بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے میں جدید تحقیق، ٹیکنالوجی اور تربیت کے لئے چین کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے لئے جدید چینی تجربات سے استفادہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لئے چین کے تعاون سے گرین پاکستان کے مختلف منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں، ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

احسن اقبال نے اُڑان پاکستان پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ملکی معیشت کے لئے انتہائی مفید ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لئے پاکستان کو اپنی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنا ہوگا اور ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ”میڈ اِن پاکستان” کو عالمی سطح پر ایک مضبوط پہچان بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان اقتصادی تعاون کو صنعتی ترقی، برآمدات، زراعت، آئی ٹی، نوجوانوں کی تربیت اور ماحول دوست ترقی کے ساتھ مزید مربوط کیا جائے گا۔ اجلاس میں 2025 سے 2029 کے ایکشن پلان کے تحت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیشرفت، آئندہ کے اہداف اور منصوبوں پر عملدرآمد کو مزید تیز کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی غور کیا گیا۔