حضرت شاہ رکن عالمؒ کے 713ویں عرس کے سلسلے میں ٹریفک پلان جاری، زائرین کے لیے پارکنگ کا انتظام
حضرت شاہ رکن عالمؒ کے 713ویں عرس کے سلسلے میں ٹریفک پلان جاری، زائرین کے لیے پارکنگ کا انتظام

مزید خبریں
ملتان۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے حضرت شاہ رکن عالم ملتانیؒ کے 713ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ عرس کی تقریبات 17، 18 اور 19 اکتوبر 2026ء کو منعقد ہوں گی۔
ٹریفک پلان کے مطابق عرس کے موقع پر قلعہ کہنہ قاسم باغ اور شہر کے اہم مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس اہلکار تین شفٹوں میں خصوصی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے، جبکہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کے تمام داخلی راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔
دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین کی بسوں کے لیے معصوم شاہ روڈ اور ولایت حسین کالج سے ملحقہ مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ کاروں کی پارکنگ کے لیے حسین آگاہی موڑ اور لائبریری موڑ مختص کیے گئے ہیں۔
سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں اور زائرین سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک اہلکاروں سے تعاون کریں، اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مقررہ پارکنگ مقامات پر کھڑی کریں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ عرس کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور زائرین کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔







