ڈپٹی کمشنر حب کا ڈسٹرکٹ جیل کا تفصیلی دورہ، قیدیوں کے مسائل سنے
ڈپٹی کمشنر حب کا ڈسٹرکٹ جیل کا تفصیلی دورہ، قیدیوں کے مسائل سنے

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ریٹائرڈ) جمعہ داد خان مندوخیل نے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل حب کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز، بیرکس اور دیگر حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں قید افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل، شکایات اور ضروریات کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے قیدیوں سے خوراک، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور جیل انتظامیہ کے رویے سے متعلق بھی دریافت کیا۔قیدیوں نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، جن پر انہوں نے توجہ دیتے ہوئے متعلقہ جیل حکام کو جائز شکایات کے ازالے اور دستیاب سہولیات کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر حب نے جیل کے رہائشی انتظامات، صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور مجموعی ماحول کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قیدیوں کو قانون کے مطابق تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قیدیوں کے ساتھ انسانی ہمدردی، احترام اور عزت و وقار کے مطابق برتاؤ کیا جائے اور ان کی صحت و فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کی اصلاح اور بحالی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے، تاکہ وہ اپنی سزا کی مدت کے دوران مثبت اصلاحی سرگرمیوں سے مستفید ہو سکیں اور رہائی کے بعد معاشرے کے ذمہ دار شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل حب نے ڈپٹی کمشنر کو جیل کے انتظامی امور، قیدیوں کی مجموعی صورتحال اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔







