صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ کی آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر حیات سے ملاقات،
صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ کی آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر حیات سے ملاقات،

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):: صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر حیات سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں مکران ڈویژن، بالخصوص ضلع کیچ اور نئے ضلع تمپ میں ٹرانسپورٹرز کے تحفظ اور پولیس میں مقامی نوجوانوں کی بھرتیوں سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مینا مجید بلوچ نے کالعدم تنظیموں کی جانب سے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز سے مبینہ بھتہ خوری اور بھتہ نہ دینے پر ان کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات سے محنت کشوں کے معاشی حالات متاثر ہوتے ہیں، کیونکہ کئی خاندانوں کی روزی روٹی کا انحصار ایک ہی گاڑی پر ہوتا ہے۔
صوبائی مشیر نے آئی جی پولیس پر زور دیا کہ بھتہ خوری اور ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے اور تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور محنت کشوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر حیات نے یقین دہانی کرائی کہ تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے تحفظ، بھتہ خوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ملاقات میں ضلع تمپ کے نوجوانوں کے لیے پولیس میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔ آئی جی پولیس نے بتایا کہ ضلع کیچ اور گوادر کے بعد اگلے مرحلے میں ضلع تمپ کے لیے پولیس بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور علاقے میں پولیسنگ کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
مینا مجید بلوچ نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعلقہ سیکیورٹی اور انتظامی اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گی۔







