الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام پشاور میں منعقدہ دو ماہ پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب

الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سعید گل نے انٹرنز پر زور دیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سفیر کے طور پر اپنا کردار ادا کریں کیونکہ وہ آج عملی تجربے اور نئی مہارتوں کے ساتھ ادارے سے بطور انٹرنز رخصت ہو رہے ہیں

پشاور۔ 31 اگست (اے پی پی):الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سعید گل نے انٹرنز پر زور دیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سفیر کے طور پر اپنا کردار ادا کریں کیونکہ وہ آج عملی تجربے اور نئی مہارتوں کے ساتھ ادارے سے بطور انٹرنز رخصت ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا آفس پشاور میں منعقدہ دو ماہ پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشنز) محمد فرید آفریدی، ڈائریکٹر (MIS) عبدالقادر، ڈائریکٹر (الیکشنز) محمد ندیم خان، دیگر افسران اور انٹرنز موجود تھے۔سعید گل نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے دوران انٹرنز الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کام کرنے کے طریقہ کار کو سمجھنے میں کامیاب ہوئے ہوں گے۔

الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سعید گل نے کہا کہ اس انٹرن شپ پروگرام کا مقصد طلبہ کو عملی تجربہ فراہم کرنا اور تعلیمی علم اور پیشہ ورانہ سرکاری امور کے درمیان موجود خلا کو پُر کرنا تھا۔انہوں نے انٹرنز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی نئی سوچ، ڈیجیٹل مہارتوں اور توانائی کے ذریعے مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے انٹرنز کو نصیحت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت داری، محنت اور پابندیٔ وقت کو اپنا شعار بنائیں اور جہاں بھی جائیں مثبت تبدیلی کے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر تمام انٹرنز نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کا دو ماہ پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کے دوران صوبائی الیکشن کمشنر آفس پشاور میں سازگار اور معاون ماحول فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے تمام انٹرنز میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔