راولپنڈی شہر و کینٹ میں بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند، طغیانی کا خدشہ، شہری علاقوں کے تعلیمی ادارے بند، انتظامیہ ہائی الرٹ

راولپنڈی میں مسلسل موسلادھار بارش اور نالہ لئی میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کے باعث طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے شہر کی حدود میں واقع تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا، تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے حساس اور نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔

راولپنڈی۔1ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی میں مسلسل موسلادھار بارش اور نالہ لئی میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کے باعث طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے شہر کی حدود میں واقع تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا، تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے حساس اور نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی کے کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 27.5 فٹ تک پہنچ گئی ہے جو انخلا کی مقررہ حد 20 فٹ سے تقریباً ساڑھے سات فٹ زیادہ ہے، جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 21.5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ پانی کی سطح میں مزید اضافے کے خدشے کے پیش نظر نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں کے لیے انخلا کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے واسا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور عملہ صورتحال کی نگرانی کے لیے موقع پر موجود ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں امدادی عملہ، بھاری مشینری اور دیگر ضروری وسائل بھی تعینات کردیئے گئے ہیں۔ بالخصوص لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد کے علاقوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی عزیز اللہ کے مطابق نالہ لئی اور شہر بھر کے برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ ایک گھنٹے کے دوران بھی بارش جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث پانی کی سطح مزید بلند ہوسکتی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کٹاریاں پر پانی کے بڑھتے ہوئے بہاؤ کے نیچے کی جانب منتقل ہونے سے گوالمنڈی کے علاقے پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں ضرورت پڑنے پر فوری انخلا اور ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔