ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور کا قصور پاسپورٹ آفس پر چھاپہ، 11 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے قصور پاسپورٹ آفس پر کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے قصور پاسپورٹ آفس پر کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں پاسپورٹ آفس کے 7 ملازمین، 3 ایجنٹس اور پنجاب پولیس کا ایک ملازم شامل ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار پاسپورٹ آفس ملازمین میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وقاص، یو ڈی سی شہزاد، ڈیٹا انٹری آپریٹر محمد الیاس، سینیٹوریل اسٹاف غلام مصطفی اور 3 سیکیورٹی گارڈز شامل ہیں۔ پنجاب پولیس کے کانسٹیبل روہیل اور 3 پاسپورٹ ایجنٹس کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر آپس کی ملی بھگت سے شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کی مد میں غیر قانونی طور پر اضافی رقم وصول کر رہے تھے۔ ملزمان شہریوں کو پاسپورٹ فوری بنوانے کا جھانسہ دے کر اضافی پیسے بٹورتے تھے۔کارروائی کے دوران ملزمان سے پاسپورٹس، ٹوکن، بینک چالان، رسیدیں اور دیگر شواہد بھی برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق کیس میں دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ پاسپورٹ مافیا کے خلاف جاری تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔