ہیلتھ کارڈ کے تحت اسلام آباد میں پینل پر موجود 15 ہسپتالوں میں شہریوں کو مفت اور معیاری طبی سہولیات دستیاب ہیں، مصطفیٰ کمال
ہیلتھ کارڈ کے تحت اسلام آباد میں پینل پر موجود 15 ہسپتالوں میں شہریوں کو مفت اور معیاری طبی سہولیات دستیاب ہیں، مصطفیٰ کمال

مزید خبریں
اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہیلتھ کارڈ کے تحت اسلام آباد میں پینل پر موجود 15 ہسپتالوں میں شہریوں کو مفت اور معیاری طبی سہولیات دستیاب ہیں،اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کے تحت پینل ہسپتالوں سے مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کے دورہ کے دوران ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔
اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کی پیشرفت اور اس حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پمز ہسپتال میں مریضوں اور عملے کے لئے بہتر کولنگ سسٹم یقینی بنانے کے لئے ایچ وی اے سی نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ چلڈرن ہسپتال میں کولنگ سسٹم کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پمز ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے ٹیلی میڈیسن سنٹر کا آغاز کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے سی ای او ہیلتھ کارڈ کو ہدایت کی کہ پمز پر مریضوں کا دباؤ کم کرنے کے لئے وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کے تحت دستیاب سہولیات کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔وفاقی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کے پینل پر موجود 15 ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت کے بارے میں شہریوں کو بھرپور آگاہی دی جائے ۔
اجلاس میں ہسپتالوں کے سربراہان، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، جوائنٹ سیکرٹری ہسپتال، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔بعد ازاں وفاقی وزیر صحت نے پمز ہسپتال کی نئی ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر صحت نے نئی ایمرجنسی کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل طور پر آپریشنل کرنے کی بھی ہدایت کی۔







