وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایس سی او سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے صدر سے ملاقات، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایس سی او سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے صدر سے ملاقات، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

مزید خبریں
بشکیک ۔1ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فنی تربیت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر جمہوریہ بیلاروس کے صدر عالی الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کی۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور سیاسی، تجارتی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں مضبوط تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں نے نومبر 2024ء میں صدر لوکاشینکو کے تاریخی دورہ پاکستان اور اس کے بعد اپریل 2025ء میں وزیراعظم کے بیلاروس کے یادگار دورے کا ذکر کرتے ہوئے تجارت، صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فنی تربیت کو ترجیحی شعبوں کے طور پر دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے آئندہ چیئرمین کی حیثیت سے بیلاروس کے صدر کو آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم اور پختہ ارادے کا اعادہ کیا۔







