نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی بشکیک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی بشکیک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو آگے بڑھانے اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ کے لئے سیکرٹری جنرل کی قیادت کو سراہا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ اور قریبی شراکت داری کو اجاگر کیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے ) کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کےامور پر تبادلہ خیال کیا۔
سیکرٹری جنرل نے کثیرالجہتی سفارتکاری میں پاکستان کے تعمیری اور اصولی کردار کو سراہا اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے پاکستان کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کیا۔ دفترِ خارجہ پاکستان اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کے ساتھ رابطہ کرکے دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دے گا۔








