وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی زیر سرپرستی بورڈ آف انویسٹمنٹ میں محفل نعت کا انعقاد

عید میلاد النبی ﷺ کی بابرکت مناسبت سے بورڈ آف انویسٹمنٹ میں وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ کی زیر سرپرستی محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے افسران و ملازمین اور معزز مہمانوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔محفل میں تلاوت کلام پاک، نعت خوانی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ معروف قراء اور نعت خواں حضرات نے …

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):عید میلاد النبی ﷺ کی بابرکت مناسبت سے بورڈ آف انویسٹمنٹ میں وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ کی زیر سرپرستی محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے افسران و ملازمین اور معزز مہمانوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔محفل میں تلاوت کلام پاک، نعت خوانی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ معروف قراء اور نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

محفل میں پروفیسر قاری محمد مشتاق انور (صدارتی ایوارڈ یافتہ) جوہرآباد/خوشاب، قاری محمد ذیشان حیدر (گولڈ میڈلسٹ) چکوال، سید ذیشان علی بخاری (قومی اسمبلی و سینیٹ) اور سید محمد علی شان (ایوارڈ یافتہ) چنیوٹ نے نعتیہ کلام پیش کیا۔رکن قومی اسمبلی خوشاب ملک شاکر بشیر اعوان نے بھی محفل میں خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ سیرت طیبہ ﷺ ہمارے لیے مکمل ضابط حیات اور مشعل راہ ہے، ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت، بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ انسانیت کے لیے امن، رحمت، برداشت اور ہمدردی کا آفاقی پیغام ہے جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں اتحاد و یکجہتی کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔محفل کے اختتام پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے چاروں ممتاز قراء و نعت خواں حضرات کو ان کی شرکت کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کیں۔محفل کا اختتام پاکستان، عالم اسلام کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔