کراچی کو کے فور سے روزانہ 260 ملین گیلن اضافی پانی فراہم کیا جائے گا، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم (K-IV) شہر کو پانی کی پائیدار اور قابل اعتماد فراہمی یقینی بنانے کی جانب ایک اہم منصوبہ ہے۔

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم (K-IV) شہر کو پانی کی پائیدار اور قابل اعتماد فراہمی یقینی بنانے کی جانب ایک اہم منصوبہ ہے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ K-IV منصوبے کے ذریعے کراچی کو روزانہ 260 ملین گیلن اضافی پانی فراہم کیا جائے گا جس سے شہر کے شہریوں کو پینے کے پانی کی بہتر اور زیادہ قابل اعتماد فراہمی میسر آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی کل لاگت 126.4 ارب روپے ہے جبکہ مالی سال 2026-27 کے دوران K-IV کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، مالی سال 2025-26 تک منصوبے پر 94.6 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت پانی کی ترسیل، فلٹریشن اور ذخیرہ کرنے کے لیے جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جا رہا ہے جو کراچی کے موجودہ پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط اور موثر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ K-IV کی تکمیل سے شہریوں کو پانی کی بہتر دستیابی، صحت و صفائی کے بہتر مواقع میسر آئیں گے جبکہ مہنگے واٹر ٹینکرز پر انحصار بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے لاکھوں شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہر کی مستقبل میں پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔