اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید محمد فواد شیر نے او آئی سی کے نو منتخب سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے جدہ میں او آئی سی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔سفیر نے نائب وزیرِ اعظم اوروزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی جانب سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام تہنیتی خط ان کو پیش کیا۔
اوآئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید محمد فواد شیر کی او آئی سی کے نو منتخب سیکرٹری جنرل سے ملاقات

مزید خبریں
جدہ۔1ستمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید محمد فواد شیر نے او آئی سی کے نو منتخب سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے جدہ میں او آئی سی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔سفیر نے نائب وزیرِ اعظم اوروزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی جانب سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام تہنیتی خط ان کو پیش کیا۔جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی قیادت کی جانب سے سیکرٹری جنرل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سفیر سید محمد فواد شیرنے کہا کہ سیکرٹری جنرل کا اتفاقِ رائے سے انتخاب ان کی بطور مدبر اور سفارت کار صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ یہ انتخاب او آئی سی کے تمام رکن ممالک کی جانب سے ان پر کئے گئے اعتماد کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
پاکستانی سفیر نے اس امر پر زور دیا کہ بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان او آئی سی کے ساتھ اپنے روابط کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے بالخصوص نائب وزیرِ اعظم اوروزیرِ خارجہ کی جانب سے او آئی سی کے مختلف اقدامات میں گہری دلچسپی کو اجاگر کیا، جو او آئی سی کی مختلف تقریبات میں ان کی باقاعدہ شرکت اور سرپرستی سے عیاں ہے۔انہوں نے سیکرٹری جنرل کو رواں سال او آئی سی کے ساتھ پاکستان کی کثیرالجہتی اعلیٰ سطحی روابط اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا، جن میں رواں سال جولائی میں او آئی سی کی خواتین سے متعلق نویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی اور نومبر میں ہونے والے او آئی سی کے آئندہ 18ویں ٹریڈ فیئرکی میزبانی شامل ہے۔مسلم امہ کو درپیش پیچیدہ سیاسی، سلامتی اور سماجی و اقتصادی چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نئے سیکرٹری جنرل کی متحرک قیادت میں او آئی سی ان مشکلات سے نمٹنے اور ان کے حل کے لیے اپنی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے لیے او آئی سی کی غیر متزلزل اور اصولی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور امید ہے کہ نومنتخب سیکرٹری جنرل کی مدتِ کار کے دوران او آئی سی جموں و کشمیر کے تنازعے کے منصفانہ حل کے لیے مزید بھرپور انداز میں کوششیں جاری رکھے گی۔اسی طرح انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو نومنتخب سیکرٹری جنرل کی دانش مندی اور دور اندیشی سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں تاکہ اسلاموفوبیا کے اس ناسور سے نمٹا جا سکے، جس نے بدقسمتی سے دنیا بھر میں تشویشناک حد تک شدت اختیار کر لی ہے۔ سفیر نے سیکرٹری جنرل کو یقین دلایا کہ پاکستان تعمیری مکالمے اور مشترکہ اقدام کے پلیٹ فارم کے طور پر او آئی سی کے کردار کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے اپنی مسلسل حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔
نومنتخب سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے سفیر سید محمد فواد شیر کا او آئی سی سیکرٹریٹ کا دورہ کرنے اور نائب وزیرِ اعظم اوروزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا خط ان تک پہنچانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیرِ اعظم اوروزیرِ خارجہ جیسے مدبررہنمائوں کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی اور حمایت نے انہیں بہت متاثر کیا ہے اور وہ او آئی سی برادری کی اجتماعی امنگوں کی تکمیل اور بامعنی پیش رفت کے حصول کیلئے قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔انہوں نے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان امتِ مسلمہ کے مشترکہ مفادات سے متعلق امور کے فروغ میں اپنا روایتی طور پر فعال کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔







