تینوں مسلح افواج کے درمیان مزید مؤثر انضمام، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور زمینی و معلوماتی شعبوں میں مؤثریت ناگزیر ہے، ایڈمرل نوید اشرف
تینوں مسلح افواج کے درمیان مزید مؤثر انضمام، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور زمینی و معلوماتی شعبوں میں مؤثریت ناگزیر ہے، ایڈمرل نوید اشرف

مزید خبریں
راولپنڈی۔2ستمبر (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں غیر متزلزل تیاری، تینوں مسلح افواج کے درمیان مزید مؤثر انضمام، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور زمینی و معلوماتی شعبوں میں مؤثریت ناگزیر ہے۔
بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نیوی کی کراچی میں میجر میری ٹائم ایکسرسائز سی سپارک-2026 شروع ہوگئی ہے، جس کے ساتھ پاک بحریہ نے اپنی جنگی تیاری اور آپریشنل صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مشق کی افتتاحی بریفنگ کی صدارت کی، جبکہ پاک افواج کے مختلف شعبوں کے سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

مشق کے دوران پاکستان نیوی کی روایتی اور ابھرتے ہوئے بحری خطرات کے خلاف جنگی تیاری کو سخت جانچ کے عمل سے گزارا جا رہا ہے۔ مشق میں بحری جہازوں، آبدوزوں، طیاروں، بغیر پائلٹ نظام، میرینز، سپیشل فورسز سمیت پاک فوج اور پاک فضائیہ کے مشترکہ وسائل کو مربوط کیا گیا ہے۔اس سے قبل چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس کا دورہ کیا اور جاری آپریشنز کا جائزہ لیا۔
افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں غیر متزلزل تیاری، تینوں مسلح افواج کے درمیان مزید مؤثر انضمام، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور زمینی و معلوماتی شعبوں میں مؤثریت ناگزیر ہے۔مشق سی اسپارک-2026ا مقصد ملٹی ڈومین آپریشنز کی مشق کرنا ہے، جس میں سمندری، فضائی، زمینی، سائبر اور خلائی معاون صلاحیتوں کو مربوط کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انفارمیشن انوائرنمنٹ میں آپریشنز پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، تاکہ سمندر میں جاری فعال کارروائیوں کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے معلوماتی جنگ کے میدان میں فیصلہ کن برتری حاصل کی جا سکے۔








