چوہدری شافع حسین کا پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا دورہ، ون ونڈو سروسز اور شکایات سیل کی ورکنگ کا مشاہدہ کیا
چوہدری شافع حسین کا پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا دورہ، ون ونڈو سروسز اور شکایات سیل کی ورکنگ کا مشاہدہ کیا

مزید خبریں
لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا بدھ کودورہ کیا جس دوران ون ونڈو سروسز اور شکایات سیل کی ورکنگ کا مشاہدہ کیا۔صوبائی وزیر نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بورڈ ممبران کے اجلاس کی صدارت کی جس میں 15نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود نے بورڈ کے امور کی ڈیجیٹائزئشن، بورڈ میں کی گئی اصلاحات اور ادارے کی تشکیل نو بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ترجمان محکمہ صنعت کےمطابق اجلاس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بعض انتظامی اور مالیاتی امور کی منظوری دی گئی۔
بورڈ نے میڈیکل ایڈوائزر کی تقرری اور بورڈ میں ہیومن ریسورس کےلئے ایچ آر کمپنی ہائر کرنے کی منظوری دی۔اسیسمنٹ اور سرٹیفیکیشن سے متعلق بنائی گئی 11پالیسیاں جائزے کےلئے مختلف بورڈ ممبران کے سپرد کر دی گئیں۔بورڈ ممبران کی سفارشات کی روشنی میں ان پالیسیوں کو حتمی شکل دے کر نافذ کیا جائے گا۔ وزیر صنعت و تجارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امتحانی نظام میں شفافیت کےلئے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے امور کی ڈیجیٹائز یشن کردی گئی ہے۔
امتحانی مراکز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ، امتحانی پیپرز کی ای مارکنگ اور ڈیجیٹل ترسیل کا نظام لاگو کیا گیا ہے۔انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کےلئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک کے معاہدے کئے جارہے ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ معیاری فنی تعلیم کا فروغ اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اعلی ٰ کے فراہم کردہ فنڈز سے ٹیوٹا کے مختلف اداروں کی لیبز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
ٹیوٹا کے اداروں میں چائنیز کے علاوہ عربی، جرمن،جیپنیزاور کورین زبانوں کے کورسز شروع کرائے گئے۔پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں رواں ماہ سے اے آئی کے کورسز بھی شروع کرائے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے چین،کینیڈا اور دیگر ممالک میں موجود فنی تعلیم کے بورڈز کی ورکنگ کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں ہنرمند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومت کا فوکس ہنرمند افرادی قوت کو لیگل طریقے سے باہر بھجوانے پر ہے۔
چیئرمین بورڈ ڈاکٹر فیصل محمود نے کہاکہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی تشکیل نو کرکے اسے عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔بورڈ میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ تشکیل دیا جاچکا جبکہ آر پی ایل سسٹم لانچ کیا جارہا ہے۔اجلاس میں چیئر مین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود،ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز عمران بشیر، پروفیسر نظام الدین اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی،بعض بورڈ ممبران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔








