وفاقی وزیرسردار محمد یوسف کا عالمی شہرت یافتہ مصری قرّاء کرام کا پاکستان آمد پر خیرمقدم

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے عالمی شہرت یافتہ مصری قراء کرام کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قرآن کریم، قراء کرام اور خدام قرآن سے گہری محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔ بدھ کو مصر سے پاکستان پہنچنے والے قراء کرام میں قاری ایوب عاصف، قاری طہٰ نعمانی، قاری ابراہیم عاصف، قاری ماہر الشناوی اور قاری …

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے عالمی شہرت یافتہ مصری قراء کرام کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قرآن کریم، قراء کرام اور خدام قرآن سے گہری محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔ بدھ کو مصر سے پاکستان پہنچنے والے قراء کرام میں قاری ایوب عاصف، قاری طہٰ نعمانی، قاری ابراہیم عاصف، قاری ماہر الشناوی اور قاری اسماعیل عاصف شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے معزز مہمانوں کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے معزز مہمانوں کو ان کے دوسرے گھر پاکستان میں دلی خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر سے عالمی شہرت یافتہ قراء کرام کی پاکستان آمد اہل پاکستان کے لئے باعث مسرت اور اعزاز ہے۔سردار محمد یوسف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے دورہ پاکستان کو بابرکت بنائے اور اہل پاکستان کو ان کی خوبصورت اور روح پرور تلاوت قرآن کریم سے مستفید ہونے کی توفیق عطا ء فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم اجتماع قرآن کریم کے پیغام، محبت اور اسلامی اخوت کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔اس سے قبل وزارت مذہبی امور کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اور دیگر شرکاء نے مصری قراء کرام سے ان کی دلنشین آوازوں میں تلاوت قرآن کریم سننے کا شرف حاصل کیا۔

واضح رہے کہ تمام مصری قراء کرام 5 ستمبر کو بعد نماز عصر فیصل مسجد اسلام آباد میں منعقد ہونے والی عظیم الشان عوامی محفل حسن قرأت میں شرکت کریں گے۔ قرآن کریم کی روح پرور تلاوت پر مشتمل یہ خصوصی پروگرام عوام الناس کے لئے منعقد کیا جا رہا ہے۔ملاقات میں وزارت مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری دعوۃ و زیارات شہباز مصطفیٰ، ڈائریکٹر قرآن ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیرت مفتی محمد خلیق، جامعہ بنوریہ کے ایڈووکیٹ رفیق شاہ، پروفیسر سجاد قمر، قاری محبوب الرحمن، صاحبزادہ پروفیسر قاری محمد مشتاق انور، چیئرمین صوت القرآن اکیڈمی پاکستان جوہرآباد قاری محمد ذیشان حیدر، چیئرمین قرآن اکیڈمی اسلام آباد، معروف نعت خواں سید ذیشان بخاری، مفتی جمیل الرحمن فاروقی اور مفتی ابرار اسلام آبادی بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں