سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان ضلع کے بالمقابل پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 15 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 15 خوارج کو جہنم واصل کر دیا،آئی ایس پی آر

مزید خبریں
راولپنڈی۔3ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان ضلع کے بالمقابل پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 15 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان ضلع کے بالمقابل پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ نتیجتاً 36 گھنٹے تک جاری رہنے والی انتہائی درست اور ماہرانہ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 15 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیاجس سے ملک میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کے خواہاں خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم مزید بے نقاب ہوئے ہیں ۔ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مستقل موقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی زیرِ سرپرستی دہشت گرد تنظیم کو سرحد پار دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔افغان طالبان حکومت موثر سرحدی انتظام کو یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں۔ علاقے میں موجود بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔








