شام میں سعودی عرب کے نئے سفیر غازی العنزی نے شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کو اپنی سفارتی اسناد سفارت پیش کر دیں۔
شام میں نئے سعودی سفیر نے وزیر خارجہ کو سفارتی اسناد سفارت پیش کر دیں
دمشق۔4ستمبر (اے پی پی):شام میں سعودی عرب کے نئے سفیر غازی العنزی نے شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کو اپنی سفارتی اسناد سفارت پیش کر دیں۔
اردو نیوز کے مطابق شامی وزیر خارجہ نے دارالحکومت دمشق میں تقریب کے دوران برازیل، ازبکستان، سویڈن اور یورپی یونین کے سفیروں سے بھی اسناد وصول کیں۔ نئے سعودی سفیر غازی العنزی کو رواں سال جولائی میں شام میں سعودی عرب کا سفیر مقرر کیا گیا تھا وہ سعودی وزارت خارجہ میں عرب ریاستوں کے جنرل ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں۔ انہوں نے دمشق میں سعودی سفیر ڈاکٹر فیصل بن سعود المجفل کی جگہ لی ہے جنہیں فرانس میں سعودی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل شام میں سعودی سفارتخانے نے دارالحکومت دمشق میں ایک ویزا آفس کھولنے کا اعلان کیا تھا جہاں تمام ویزا درخواستوں کے ساتھ کارگو اور ٹرانسپورٹیشن سے متعلق درخواستیں بھی وصول کی جائیں گی۔ سعودی سفارتخانے کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب اور شام کی حکومتوں کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے۔









