لاہور آرگینک ولیج کے زیر اہتمام کھجور میلہ کل5 اور6 ستمبر کو منعقد ہوگا،جس میں کھجور کی100 سے زائد اقسام اور ملکی و غیر ملکی برانڈز اپنی مصنوعات پیش کریں گے
پاکستان کے سب سے بڑے دو روزہ کھجور میلے کا انعقاد(کل) سے ہوگا

مزید خبریں
لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):لاہور آرگینک ولیج کے زیر اہتمام کھجور میلہ کل5 اور6 ستمبر کو منعقد ہوگا،جس میں کھجور کی100 سے زائد اقسام اور ملکی و غیر ملکی برانڈز اپنی مصنوعات پیش کریں گے۔فیسٹیول کے منتظمین کے مطابق دو روزہ میلے میں پاکستان کی مختلف اقسام کی کھجوروں اور ان سے تیار کردہ مصنوعات کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب سے 70 سے زائد کھجور کے فارمز اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے کاروباری ادارے بھی شرکت کریں گے۔فیسٹیول میں کھجور کی مختلف اقسام کے ساتھ بچوں اور خاندانوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
شرکا کو کھجور کی مصنوعات خریدنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔منتظمین کا کہنا ہے کہ فیسٹیول کا مقصد صرف پاکستان میں کھجور کی پیداوار، تجارت اور ایکسپورٹ کو فروغ دینا نہیں بلکہ اس شعبے سے وابستہ کاروباری افراد اور کسانوں کو عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔فیسٹیول کے دوران قدرتی ماحول اور دیسی کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ گھڑ ڈانس، بگھی اور گھڑ سواری، لڈو اور بچوں کے لیے پلے لینڈ سمیت مختلف سرگرمیاں بھی منعقد ہوں گی جبکہ مختلف برانڈز اور اہم شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔گرینڈ ڈیٹس فیسٹیول5 اور6 ستمبر کو دوپہر12 بجے سے رات10 بجے تک لاہور آرگینک ولیج،مین بلیوارڈ ڈی ایچ اے لاہور میں جاری رہے گا۔








