نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کیلئے امیدوارسفیر اولارا اوتنو کی ملاقات
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کیلئے امیدوارسفیر اولارا اوتنو کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کیلئے امیدوار سفیر اولارا اوتنو نے یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور سابق وزیر اعظم روہاکانا روگونڈا کے ہمراہ ملاقات کی اور بدلتی ہوئی عالمی صورتحال اور کثیرالجہتی نظام کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کثیرالجہتی نظام کے لئے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی فورمز پر طے پانے والی مفاہمتوں اور فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے اس نظام کو مستحکم کیا جانا چاہئے۔انہوں نے بین الاقوامی قانون کے احترام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں بالخصوص فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل عصرِ حاضر کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
اولارا اوتنو نے عالمی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کی دیرینہ خدمات کو سراہا جن میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی شرکت بھی شامل ہے۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستانی قیادت کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔روہاکانا روگونڈا نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو دورہ یوگنڈا کی دعوت بھی دی۔








