سٹیٹ بینک ملک کے ادائیگی کے نظام کی سالمیت برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے،ترجمان سٹیٹ بینک

سٹیٹ بینک ملک کے ادائیگی کے نظام کی سالمیت برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے،ترجمان سٹیٹ بینک

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہاہے کہ سٹیٹ بینک ملک کے ادائیگی کے نظام کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق حفاظتی اقدامات کی مسلسل نگرانی اور انہیں مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

جمعہ کویہاں جاری بیان میں ترجمان سٹیٹ بینک نے کہاہے کہ سٹیٹ بینک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر گردش کرنے والی ایک گمراہ کن خبر کا نوٹس لیا ہے جس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف)نے راست کو منی لانڈرنگ کا ایک ذریعہ قرار دیا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف کی رپورٹ میں نہ تو راست کو منی لانڈرنگ کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے اور نہ ہی راست کی ادائیگی کے انفراسٹرکچر کی سالمیت کے حوالے سے کوئی مخصوص تشویش ظاہر کی گئی ہے۔

اس کے برعکس کوئی بھی تصویر کشی کرنا ایف اے ٹی ایف رپورٹ کے سیاق و سباق اور نتائج کو غلط انداز میں پیش کرنے کے مترادف ہے۔رپورٹ میں مختلف ممالک اور خودمختار علاقوں میں غیر رسمی بینکاری اور حوالہ نیٹ ورکس کی جانب سے باضابطہ بینکاری اور ادائیگی کے ذرائع کے ممکنہ غلط استعمال کا ذکر کیا گیا ہے۔

راست کا ذکر صرف ایک قانونی مقامی ادائیگی کے نظام کے طور پر کیا گیا ہے جو محض اندرون ملک ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ راست فی الوقت سرحد پار رقوم کی منتقلی کی سہولت فراہم نہیں کرتا۔سٹیٹ بینک پاکستان کے ادائیگی کے نظام کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق حفاظتی اقدامات کی مسلسل نگرانی اور انہیں مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں