نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت سیف گیمز کی تیاریوں سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سیف گیمز کی تیاریوں سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کے مطابق جنوبی ایشیائی اولمپک کمیٹی کے ساتھ رابطے اور مشاورت سے سیف گیمز کے انعقاد کی تاریخیں 4 سے 11 اپریل 2027 مقرر کردی گئی ہیں۔

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سیف گیمز کی تیاریوں سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کے مطابق جنوبی ایشیائی اولمپک کمیٹی کے ساتھ رابطے اور مشاورت سے سیف گیمز کے انعقاد کی تاریخیں 4 سے 11 اپریل 2027 مقرر کردی گئی ہیں۔ اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر کی تقرری جبکہ اسٹیئرنگ، آرگنائزنگ اور صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔

مجموعی طور پر 28 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں 6 ہزار سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔ کھیلوں کے مقابلے اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں منعقد ہوں گے۔نائب وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے کو مؤثر بنایا جائے، کھیلوں کے مقامات کی تیاری بروقت مکمل کی جائے اور گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اسٹیئرنگ کمیٹی کو پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری آئی پی سی، صوبائی حکومتوں کے نمائندگان اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔