ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں کرپشن سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اینٹی کرپشن افسران کی جانب سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔
ڈی جی اینٹی کرپشن کا پنجاب میں کھلی کچہریوں کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں کرپشن سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اینٹی کرپشن افسران کی جانب سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔
مختلف اضلاع اور شہروں میں منعقد ہونے والی ان کھلی کچہریوں میں اینٹی کرپشن افسران نے شہریوں سے براہ راست ملاقات کی اور کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری امور میں درپیش مشکلات سے متعلق شکایات تفصیل سے سنیں۔شہریوں نے مختلف سرکاری محکموں اور متعلقہ افسران کے خلاف اپنی شکایات پیش کیں، جن پر اینٹی کرپشن افسران نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے اور متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق کارروائی اور شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات دیں۔
اس موقع پر متعدد شہریوں نے اپنے مسائل براہ راست اینٹی کرپشن حکام کے سامنے پیش کیے، جنہیں میرٹ اور قانون کے مطابق حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق کرپشن سے متعلق شکایات کو براہ راست سننا اور بدعنوان عناصر کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ مختلف اضلاع میں منعقد ہونے والی کھلی کچہریوں میں ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور دیگر ضلعی افسران نے بھی شرکت کی، جس کے باعث شہریوں کو اپنے مسائل متعلقہ ضلعی حکام کے سامنے براہ راست پیش کرنے کا موقع ملا۔
ترجمان عبدالوہاب نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جا رہا ہے اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب ،کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی شخص کو بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلاخوف و خطر کرپشن اور کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں اور بدعنوانی سے متعلق شکایات متعلقہ فورم تک پہنچائیں۔ ترجمان کے مطابق شہریوں کی شکایات کو قانون اور میرٹ کے مطابق نمٹایا جائے گا جبکہ کرپشن کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبہ بھر میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ عوامی شکایات کے موثر ازالے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے جاری رکھا جائے گا۔








