چین کے شہر شینزن میں منعقدہ ایشیا پیسیفک میڈیا فورم میں ریڈیو پاکستان کو ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ آرگنائزنگ کمیٹی کا بانی رکن منتخب کیا گیا ہے۔سولہ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ پروگرام کے قواعدِ کار پر مشاورت اور اس کے تحت ہونے والی سرگرمیوں میں رابطہ کاری کا کام کرے گی۔
ریڈیو پاکستان ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ آرگنائزنگ کمیٹی کا بانی رکن منتخب

مزید خبریں
شینزن (چین)۔5ستمبر (اے پی پی):چین کے شہر شینزن میں منعقدہ ایشیا پیسیفک میڈیا فورم میں ریڈیو پاکستان کو ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ آرگنائزنگ کمیٹی کا بانی رکن منتخب کیا گیا ہے۔سولہ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ پروگرام کے قواعدِ کار پر مشاورت اور اس کے تحت ہونے والی سرگرمیوں میں رابطہ کاری کا کام کرے گی۔
پروگرام کا سیکرٹریٹ شِنہوا نیوز ایجنسی کے مرکزی دفتر میں قائم کیا گیا ہے۔ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ آرگنائزنگ کمیٹی پروگرام کے چار بنیادی شعبوں—اعلیٰ سطحی مکالمے، مربوط ابلاغ، تکنیکی جدت اور عملی تعاون—میں تعاون کے طریقۂ کار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔ریڈیو پاکستان کا انتخاب پاکستان کے قومی نشریاتی ادارے کے لیے ایک اہم بین الاقوامی اعزاز اور پذیرائی ہے۔
اس سے پاکستان کو نہ صرف ایشیا پیسیفک خطے کے نمایاں میڈیا اور تحقیقی اداروں کے مابین تعاون بڑھانے کے لیے قائم اہم علاقائی فورم میں نمائندگی حاصل ہوئی ہے بلکہ اس کے ذریعے ، قومی نشریاتی ادارہ پاکستان کا نقطۂ نظر وسیع تر سامعین تک پہنچانے، پیشہ ورانہ شراکت داریاں قائم کرنے اور تربیت، تکنیکی مہارت اور مشترکہ منصوبوں سے استفادہ کرنے کے قابل بھی ہوگا۔
فورم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن سعید احمد شیخ نے کہا کہ میں پاکستان اور ملک کے قدیم ترین نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر فورم کاشکر گزار ہوں۔واضح رہے کہ ’’ایشیا پیسیفک برادری کی مشترکہ خوش حالی کی راہ ہموار کرنا: میڈیا کا اتفاقِ رائے اور عمل‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والے ایشیا پیسیفک میڈیا فورم میں 42 ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً چار سو مندوبین شرکت کررہے ہیں ۔








