اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےپاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایات پر نیٹ میٹرنگ کی 11 ہزار 695 زیر التوا درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں جبکہ متاثرہ صارفین سے براہِ راست رابطے کا عمل بھی باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ہفتہ کو وزارت پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد تمام اہل صارفین کو قواعد و ضوابط …
نیٹ میٹرنگ کی 11 ہزار 695 زیر التوا درخواستیں نمٹا دی گئیں،وفاقی وزیر برائےپاور ڈویژن

مزید خبریں
اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےپاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایات پر نیٹ میٹرنگ کی 11 ہزار 695 زیر التوا درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں جبکہ متاثرہ صارفین سے براہِ راست رابطے کا عمل بھی باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ہفتہ کو وزارت پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد تمام اہل صارفین کو قواعد و ضوابط کے مطابق ان کا جائز حق فراہم کرنا اور درخواستوں کی تکمیل کے لیے کسی تیسرے فریق،ایجنٹ یا درمیانی فرد پر انحصار ختم کرنا ہے۔
نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ نظام میں منتقلی کے مرحلے کے دوران مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیر التوا تھیں۔ وفاقی وزیر کی ہدایات پر ان تمام درخواستوں کی جامع تصدیق اور جانچ کا عمل شروع کیا گیا تاکہ کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا سکے۔پاور ڈویژن اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے اب تک 11 ہزار 695 درخواستوں کی جانچ، تصدیق اور کلیئرنس مکمل ہو چکی ہے اور انہیں متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق قرار دیا گیا ہے۔پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (پی آئی ٹی سی) نے ان صارفین سے براہِ راست رابطہ شروع کر دیا ہے تاکہ انہیں درخواستوں کی تصدیق اور آئندہ کے مراحل سے متعلق بروقت اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کی جا سکیں۔
پی آئی ٹی سی کی جانب سے صارفین کو ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ صارفین اپنی درخواستوں کی صورتحال آن لائن بھی چیک کر سکتے ہیں۔صارفین کو واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست کی تیز تر یا مزید کارروائی کے لیے کسی بھی فرد کو کوئی فیس یا رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔پاورڈویژن کے مطابق براہِ راست رابطے کا یہ نظام صارفین کو غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنے اور درخواستوں کی کارروائی یا حل کے نام پر ایجنٹس یا دیگر افراد کی جانب سے استحصال کی روک تھام کے لیے اہم ہے،باقی 4 ہزار 959 درخواستوں کی تصدیق اور جانچ کا عمل جاری ہے۔
ہردرخواست کا متعلقہ ریکارڈ، نیپرا کی وضاحتوں، قواعد و ضوابط اور رہنما اصولوں کی روشنی میں تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حقیقی صارفین کو ان کا حق بلا تاخیر فراہم کیا جا سکے اور غیر قانونی، جعلی یا غلط معلومات پر مبنی درخواستوں کو نظام کے غلط استعمال سے روکا جا سکے۔حکومت نے ایک بار پھر شمسی توانائی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سولرائزیشن ملک کے توانائی کے مستقبل کا اہم ستون ہے۔
حکومتی پالیسی کامقصد اس شعبے میں رکاوٹیں پیدا کرنا نہیں بلکہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور شفاف و پائیدار نظام کو یقینی بناتے ہوئے اس کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح جائز عوامی شکایات کو غیر ضروری تاخیر اور مداخلت کے بغیر حل کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو باقی زیرالتوادرخواستوں کی جانچ کا عمل مزید تیز کرنے اور ہر صارف کو اس کے کیس سے متعلق واضح اور شفاف معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔








