184 واں آئی بی سی سی فورم امتحانی نظام میں بڑی تبدیلیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا

انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) فورم کا 184 واں اجلاس ملک میں امتحانی طریقوں کو معیاری بنانے، تعلیم کو روٹ لرننگ سے تصوراتی تفہیم کی طرف منتقل کرنے، طلباء کے ریکارڈ میں شفافیت کو بڑھانے اور پاکستانی قابلیت کی قومی اور بین الاقوامی شناخت کو بہتر بنانے کے کلیدی فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) فورم کا 184 واں اجلاس ملک میں امتحانی طریقوں کو معیاری بنانے، تعلیم کو روٹ لرننگ سے تصوراتی تفہیم کی طرف منتقل کرنے، طلباء کے ریکارڈ میں شفافیت کو بڑھانے اور پاکستانی قابلیت کی قومی اور بین الاقوامی شناخت کو بہتر بنانے کے کلیدی فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

آئی بی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق دو روزہ فورم میں بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ( بی آئی ایس ایز)، ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈز اور ملک بھر سے نصاب اور ٹیکسٹ بک بورڈز کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی تاکہ امتحانی اصلاحات پر غور کیا جا سکے اور زیادہ یکساں اور قابل اعتبار تشخیصی نظام کے لیے مشترکہ اقدامات کو اپنایا جا سکے۔

فورم نے امتحانی نظام کو معیاری بنانے کے لیے وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل درآمد پر بھی توجہ مرکوز کی۔ فورم نے ایسے اقدامات کی منظوری دی جن کا مقصد پاکستانی قابلیت کی ساکھ کو مستحکم کرتے ہوئے تشخیص اور امتحانی طریقوں میں زیادہ یکسانیت لانا ہے۔فورم کو بتایا گیا کہ سندھ کے امتحانی بورڈز، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای)، اے جے کے بورڈ، کے آئی یو بورڈ، آغا خان بورڈ اور ضیاء الدین بورڈ نے نئی گریڈنگ پالیسی نافذ کی ہے، جس کے تحت کم از کم پاسنگ مارکس کو 40 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے۔نظرثانی شدہ درجہ بندی کے فارمولے پر عمل درآمد کو آسان بنانے کے لیے ملک بھر میں آگاہی سیشنز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔

تعلیمی ریکارڈ کی شفافیت کو بہتر بنانے کے لئے فورم نے ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی سرٹیفکیٹس پر ب فارم/ سی این آئی سی نمبر شامل کرنے پر اتفاق کیا، جس سے طلباء کے ریکارڈ کی شناخت، رسائی اور تصدیق کرنا آسان ہو گا۔فورم نے بورڈ ٹاپرز کے لیے اسکالرشپس اور بیرون ملک نمائش کے مواقع کی بھی منظوری دی۔آئی بی سی سی اعلیٰ کارکردگی کے حامل طلبہ کے لیے موسم سرما اور موسم گرما کے کیمپوں کا بھی اہتمام کرے گا تاکہ انھیں وسیع تر سیکھنے، قیادت اور نمائش کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

فورم نے مزید 12 دینی مدارس ک ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے ساتھ ان کی اہلیت کے مساوی کرنے کی سفارش کی، جس سے مساوی فریم ورک کے تحت آنے والے اداروں کی کل تعداد 26 ہو گئی۔ فورم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سائنس گروپ کی مساوات غیر ملکی امتحانی بورڈز کے طلباء کو دی جائے گی جنہوں نے سائنس کے کم از کم دو مضامین پاس کیے ہوں۔ فورم نے تھیوری اور پریکٹیکل امتحانات کے لیے یکساں کیلنڈر تیار کرنے اور پریکٹیکل امتحانات کے لیے مشترکہ رہنما خطوط اور طریقہ کار وضع کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ امتحانی بورڈز کے درمیان زیادہ مستقل مزاجی، انصاف پسندی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

بی آئی ایس سی کوہاٹ،بی آئی ایس سی کوئٹہ اور ایف بی آئی ایس سی نے اپنے بہترین طرز عمل، اختراعی اقدامات اور دیگر بورڈز کے ممکنہ اپنانے کے نتائج پیش کیے۔نیشنل کوآرڈینیٹر آئی بی سی سی فورم عنایت اللہ وسیم نے امتحانی اصلاحات میں فعال شرکت اور اجتماعی ملکیت پر زور دیا اور کہا کہ بورڈز کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور متفقہ اقدامات پر مسلسل عمل درآمد امتحانات میں شفافیت، معیار اور عوام کے اعتماد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے امتحانی بورڈ کے چیئرمینوں کی میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں پر پنجاب حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قابل پیشہ ورانہ قیادت آئی بی سی سی فورم کو مضبوط بنا رہی ہے اور امتحانات کو روٹ لرننگ سے تصوراتی تشخیص کی طرف لے جانے کی قومی کوشش میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

انہوں نے صوبہ بھر میں ای مارکنگ متعارف کرانے پر سندھ حکومت اور امتحانی بورڈز کے چیئرپرسنز کو بھی سراہا اور اسے امتحانی نظام میں شفافیت، کارکردگی اور ساکھ کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ یہ اصلاحات ایک وسیع تر قومی کوشش کا حصہ ہیں تاکہ امتحانی نظام تیار کیا جا سکے جو یادداشت کے بجائے سمجھ بوجھ کو آزماتا ہے، حقیقی سیکھنے کا موقع دیتا ہے، ٹیکنالوجی کو اپناتا ہے اور پاکستانی قابلیت کی قومی اور بین الاقوامی ساکھ کو بھی بڑھاتا ہے۔

فورم نے امتحانی، تکنیکی، نصاب اور ٹیکسٹ بک بورڈز کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور شفاف، ٹیکنالوجی پر مبنیٰ ، طالب علم دوست اور بین الاقوامی سطح پر تقابلی تشخیصی نظام تیار کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس کی کارروائی محمد عثمان خان، سیکرٹری آئی بی سی سی فورم اور ڈائریکٹر جنرل آئی بی سی سی نے چلائی۔