ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا گوجر خان میں صفائی آپریشن، ویسٹ انکلوژر، ٹی سی پی اور ڈمپنگ اسٹیشن کا معائنہ
ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا تحصیل گوجر خان کا دورہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 05 ستمبر (اے پی پی):ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے تحصیل گوجر خان کا تفصیلی دورہ کر کے شہر میں جاری صفائی آپریشن، ویسٹ انکلوژر، ٹی سی پی اور ڈمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا۔
انہوں نے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات، ویسٹ کلیکشن اور نکاسیٔ فضلہ کے نظام کا جائزہ لیتے ہوئے افسران اور فیلڈ عملے کو صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک، تحصیل مینیجر آپریشنز عمیر قریشی اور مینیجر کنٹریکٹرز کامران امجد نے ایم ڈی رانا ساجد صفدر کو گوجر خان میں جاری صفائی آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرایا۔ایم ڈی رانا ساجد صفدر نے مختلف بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے دکانداروں اور شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور صفائی کے حوالے سے ان کی تجاویز اور آراء بھی معلوم کیں۔ شہریوں اور تاجر برادری نے گوجر خان میں صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی کاوشوں اور ایم ڈی کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ساجد صفدر نے کہا کہ گوجر خان سمیت راولپنڈی ضلع کے تمام علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور صفائی عملے کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے اور بازاروں سمیت تمام اہم مقامات پر صفائی کا بہترین معیار برقرار رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور شہری صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور سڑکوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر کوڑا پھینکنے سے گریز کریں۔ صفائی صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ شہریوں کے تعاون سے ہی صاف ستھرا شہر کا خواب حقیقت بن سکتا ہے۔رانا ساجد صفدر نے افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ بازاروں میں صفائی کے انتظامات مزید مؤثر بنائے جائیں، ویسٹ کی بروقت کلیکشن اور منتقلی یقینی بنائی جائے جبکہ صفائی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ویسٹ کے ہدف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور فیلڈ میں صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ایم ڈی نے کہا کہ ستھرا پنجاب کا مقصد صرف صفائی آپریشن کرنا نہیں بلکہ شہریوں میں صفائی کا شعور اجاگر کرکے ایک مستقل اور مؤثر صفائی کا نظام تشکیل دینا ہے۔ اس مقصد کے لیے فیلڈ آپریشنز کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب وژن کے مطابق شہریوں کو بہترین صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام افسران اور ورکرز اپنی ذمہ داریاں پوری لگن، محنت اور جذبے کے ساتھ ادا کریں،دریں اثنا ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی کمیونیکیشن ٹیم کی جانب سے گوجر خان میں صفائی اور انسدادِ سموگ آگاہی مہم میں ٹیم نے دکانداروں اور شہریوں میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے اور انہیں سموگ کے اسباب، ماحولیاتی آلودگی کے نقصانات اور اس کی روک تھام کے لیے ضروری حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا۔کمیونیکیشن ٹیم نے شہریوں کو صفائی سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے ستھرا پنجاب ہیلپ لائن 1139، ستھرا پنجاب شہری ایپ اور سوشل میڈیا پیجز کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ شہریوں کو بتایا گیا کہ صفائی سے متعلق کسی بھی مسئلے کی نشاندہی فوری طور پر متعلقہ پلیٹ فارم پر کی جائے تاکہ شکایت کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔








