زرعی شعبہ میں ویلیو ایڈیشن معیشت کی بہتری کیلئے ناگزیر ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت برآمدات میں اضافہ اولین ترجیح ہے، رانا مشہود احمد خان

زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن سے ملکی معیشت میں بہتری لانا اولین ترجیح ہے، رانا مشہود احمد خان

لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن سے ملکی معیشت میں بہتری لانا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں،نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے،وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے، ویژن 2047 کا بنیادی مقصد قوم کو اپنے مستقبل کی تعمیر شریک کرنا ہے، سندھ طاس معاہدے بارے عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور آرگینک ویلج کے زیر اہتمام کھجور میلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی معیشت کا حامل ملک ہے،زراعت کے شعبے کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کھجور سمیت زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور برآمدات کے فروغ سے ملکی معیشت کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ آج کے کھجور میلے میں ملک بھر سے 70 سے زائد انٹرپرینیورز اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کاروباری افراد زرعی پیداوار کو ویلیو ایڈیشن کے ذریعے عالمی منڈی تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کھجور پیدا کرنے والے اہم ممالک میں شامل ہے، تاہم ماضی میں زیادہ تر کھجور بطور خام زرعی پیداوار برآمد کی جاتی رہی، اب ملک کے نوجوان کاروباری افراد کھجور سے مختلف مصنوعات تیار کرکے اس میں ویلیو ایڈیشن کر رہے ہیں اور انہیں ملکی و عالمی مارکیٹ میں متعارف کرا رہے ہیں، ایسے تمام کاروباری افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا، ان کی مصنوعات کی مارکیٹنگ میں مدد کرنا اور انہیں عالمی مارکیٹ سے منسلک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھجور کی مقامی اقسام کے ساتھ ساتھ دنیا کی بہترین اقسام کو بھی متعارف کروا کر ملک میں پیداوار بڑھانے اور انہیں عالمی منڈی تک پہنچانے کی ضرورت ہے، اس سے نہ صرف زرعی شعبے کو فروغ ملے گا بلکہ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن معیشت کی پائیدار ترقی اور برآمدات میں اضافے پر مبنی ہے، حکومت صرف بڑے کاروباروں پر توجہ نہیں دے رہی بلکہ پاکستان کی زرعی معیشت، چھوٹے کاروباروں، نوجوان انٹرپرینیورز اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کی بنیاد ہے اور اس شعبے کو فروغ دینا حکومت کی بڑی ترجیح ہے۔ کھجور، زیتون اور دیگر زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری، جدید طریقہ کاشت، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے فروغ سے پاکستان کے لیے ترقی کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ملک کا سب سے بڑا یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون پروگرام چلا رہی ہے، جبکہ ٹیکنیکل ایجوکیشن، ہاسپٹیلٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جدید شعبوں میں تربیت کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام ایک جامع پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر چکا ہے جو نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار اور تخلیقی سرگرمیوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا یہ سفر جاری رہے گا۔انہوں نے میلے میں شریک کاروباری افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپنے کاروبار کے لیے منصوبہ بندی، پروجیکٹ تیار کرنے یا قرض کی ضرورت ہو تو وہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون پروگرام سے رہنمائی لے سکتے ہیں،انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ایسے نوجوان کاروباری افراد کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنی مصنوعات کو ملکی اور عالمی سطح پر متعارف کرا سکیں۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے ساتھ مل کر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 14 اگست کے موقع پر پاکستان وژن 2047 کا تصور پیش کیا ہے، جس کے تحت ملک کے مستقبل کی تشکیل میں پوری قوم کو شریک کیا جائے گا، ویژن 2047 کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ قوم اپنے مستقبل کی تعمیر میں خود شریک ہو اور پاکستان کی ترقی کے لیے عوام بالخصوص نوجوان اپنی سوچ، صلاحیت، جدت اور تخلیقی آئیڈیاز سامنے لائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنا کر پاکستان کو ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے عالمی ثالثی عدالت کا حالیہ فیصلہ خوش آئند ہے،پاکستان کے موقف کی عالمی سطح پر تائید پاکستان کی ایک اہم قانونی اور سفارتی کامیابی ہے، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے تاہم اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔تقریب کے اختتام پر رانا مشہود احمد خان نے منتظمین، شرکا اور ملک بھر سے آنے والے کاروباری افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں رانا مشہود خان نے فیتہ کاٹ کر کھجور میلے کا باقاعدہ افتتاح کیا اور مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں ملک بھر سے آئے ہوئے کاروباری افراد اور صنعتکاروں نے اپنی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کیں۔

مزید خبریں