پی ایچ ایف کی "یومِ دفاعِ پاکستان” کی مناسبت سے صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز اور کلبز کو نمائش ہاکی میچز کرانے کی ہدایات

یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں نمائشی ہاکی میچز کے انعقاد کی ہدایات جاری

لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 6 ستمبر "یومِ دفاعِ پاکستان” کی پروقار مناسبت سے ملک بھر کی تمام ملحقہ یونٹس، صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز اور کلبز کو نمائشی ہاکی میچز منعقد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ہفتہ کو پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق ان میچز کے انعقاد کا بنیادی مقصد 1965 کی جنگ کے عظیم معرکے اور ارضِ پاک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے سرفروشوں اور شہدا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام صوبائی اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشنز اپنے اپنے علاقوں میں قومی جذبے کے ساتھ ان میچز کا اہتمام کریں۔ میچز کی تقاریب میں مقامی قومی کھلاڑیوں، سابق اولمپینز اور شائقینِ کھیل کو مدعو کیا جائے تاکہ قومی کھیل کے توسط سے شہدائے وطن کی دفاعی خدمات اور قربانیوں کو یاد کیا جا سکے۔فیڈریشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ "6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ درخشان دن ہے جو افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور لاثانی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ہاکی فیڈریشن کھیل کے میدانوں کے ذریعے اپنے شہدا کی پاک روحوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور یہ عزم دہراتی ہے کہ ملک و قوم کی خاطر دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔تمام متعلقہ یونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ میچز کے اختتام پر شاندار تقاریب کا انعقاد کیا جائے اور شہدائے پاکستان کے درجات کی بلندی کے لیے بالخصوص دعائیں کی جائیں۔

مزید خبریں