سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا یومِ دفاع کے موقع پر 1965 ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

1965ء کی جنگ میں پاک افواج نے بے مثال جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک افواج کے بہادر جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں اور بے مثال جرأت، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑی فوج کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کیا اور اس کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا، پاکستانی قوم نے 1965ء کی جنگ کے دوران جس اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، وہ ہماری قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں یومِ دفاع کے موقع پر کیاجو ہر سال 1965 کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے 1965ء کی جنگ کے دوران غیر معمولی جرأت، بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بزدل دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، جنہوں نے اپنا آج قوم کے روشن اور محفوظ مستقبل کے لیے قربان کیا۔ قوم ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ عقیدت و احترام سے یاد رکھے گی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے معرکہ حق میں افواج پاکستان کی بے مثال جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں قوم جس ثابت قدمی اور قومی یکجہتی کے ساتھ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، وہ قوم اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کے مضبوط رشتے کی عکاسی کرتی ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے ملکی دفاع اور سلامتی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ باہمی دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور امن کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور دفاعی تعاون کے ذریعے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔سپیکر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے جری افسران اور جوانوں نے جو قربانیاں پیش کیں اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے جس عزم و استقلال کا مظاہرہ کیا وہ قوم کے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں عوام کی جان و مال اور ریاستی خودمختاری کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواجِ نے نا صرف دشمن سے جنگوں کے دوران قربانیاں پیش کیں بلکہ جب بھی وطن عزیز کو کسی مشکل یا آزمائش کا سامنا پڑا مسلح افواج نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران مسلح افواج کے بہادر جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر متاثرین کی مدد کی اور انکے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ قوم افواج پاکستان کی ان خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کو امن، سلامتی، ترقی اور خوشحالی عطا فرمانے کی دعا کی۔

مزید خبریں