خیبر پختونخوا میں 3 تا 5 ستمبر آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 21 خوارجی جہنم واصل کیے گئے،آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا میں 3 تا 5 ستمبر 2026 مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 خوارجی جہنم واصل کر دیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق 31 اگست /یکم ستمبر 2026 کی رات کو ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز …

راولپنڈی۔6ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا میں 3 تا 5 ستمبر 2026 مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 خوارجی جہنم واصل کر دیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق 31 اگست /یکم ستمبر 2026 کی رات کو ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں چھپے مزید 10 خوارج کو جہنم واصل کیا جس سے دراندازی کی کوشش میں مارے گئے خوارج کی کل تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی۔

مزید برآں شمالی وزیر ستان میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے ساتھ ایک اور مقابلے میں خوارج کے ایک گروپ کی نقل وحرکت کو سکیورٹی فورسز نے پکڑا اور موثر طریقے سے کارروائی کرتے ہوئے 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ کارروائیوں کے دوران کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل کے اضلاع میں دو مختلف مقابلوں میں موثر طریقے سے مزید 4 خوارج کو مار دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سرحد کے ساتھ بار بار رونما ہونے والے ان واقعات نے ایک بار پھر افغان طالبان حکومت کی جانب سے سرحد پار دہشتگردی کےلئے افغان سرزمین کو دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی میں استعمال ہونے سے روکنے میں ناکامی کے حوالے سے پاکستان کے مستقل موقف کی تصدیق کی ہے۔

افغانستان کی طالبان حکومت موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے اور انسداد دہشتگردی کی اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کےلئے غیر متزلزل اور پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ویژن’’ عزم استحکام‘‘ (جس کی نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے وفاقی سپریم کمیٹی کی طرف سے منظوری دی گئی ہے)کے تحت انسداد دہشتگردی کی مہم کے ذریعے علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سپانسرڈ خوارجی کو ختم کرنے کےلئے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ دہشتگردی کے خطرے اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر کے خاتمے کی مہم کو پوری شدومد کے ساتھ جاری رکھا جا سکے۔