نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم اپنی مسلح افواج کے ان بہادر اور جری سپوتوں کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 6 ستمبر 1965 کو غیر معمولی جرأت، بہادری اور جذبۂ ایثار کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کیا، ان کی شجاعت، استقامت اور فرض سے بے لوث وابستگی قوم کے لیے ہمیشہ باعثِ …
مسلح افواج نے 6ستمبر 1965 کو غیر معمولی جرأت، بہادری اور جذبۂ ایثار کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کیا، نائب وزیر اعظم

مزید خبریں
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم اپنی مسلح افواج کے ان بہادر اور جری سپوتوں کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 6 ستمبر 1965 کو غیر معمولی جرأت، بہادری اور جذبۂ ایثار کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کیا، ان کی شجاعت، استقامت اور فرض سے بے لوث وابستگی قوم کے لیے ہمیشہ باعثِ فخر اور سرچشمۂ تحریک رہے گی، شہیدوں اور غازیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں،پاکستان کی خدمت میں ان کی بے مثال قربانیوں پر ان کے اہلِ خانہ کو سلامِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
یومِ دفاع و شہدا (6 ستمبر )کے موقع پر وزارت خارجہ سے جاری بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک بار پھر معرکۂ حق اور آپریشن بُنْیَانٌ مَرْصُوصٌ کے دوران اسی جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا، عوامِ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ہماری مسلح افواج نے عزم و استقلال کے ساتھ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع اور ہر قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے قومی عزم اور مکمل تیاری کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل قربانیوں کو بھی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے اور اپنے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ امن پسند قوم ہونے کے ناطے پاکستان پُرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور تعاون کے لیے اپنے عزم پر کاربند ہے تاہم جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کا انحصار تنازعۂ جموں و کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پُرامن حل پر ہے، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جائز جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخی دن کے موقع پر، ہم پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہمارے شہداء کی جرأت، ہماری مسلح افواج کی قوت اور ہمارے عوام کا عزم اس امر کی سب سے بڑی ضمانت ہیں کہ پاکستان ہر چیلنج کا اعتماد، وقار اور پختہ عزم کے ساتھ مقابلہ کرے گا۔








